احتساب ہوگا تو انتخاب ہوگا، ملکی ترقی کا فارمولہ صرف (ن) لیگ کے پاس ہے، نوجوان برآمدات میں اضافے کیلئے کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز کا مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کی تقریب سے خطاب

188
Ramadan cheap bazaar

لاہور۔9مارچ (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ احتساب ہوگا تو انتخاب ہوگا، ملکی ترقی کا فارمولہ صرف (ن) لیگ کے پاس ہے، انصاف کا معیار سب کیلئے برابر ہونا چاہئے، نوجوان ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں، پاکستان کا مستقبل اب نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے، مسلم لیگ (ن) نوجوان نسل کو آئی ٹی کے شعبہ میں آگے لانا چاہتی ہے،

عمران خان ایسا ڈرپوک ہے جس نے اپنے کارکنوں کو اپنے لئے ڈھال بنایا، عمران خان کے اپنے بچے لندن بیٹھے ہیں اور قوم کے بچے ڈنڈے کھا رہے ہیں، پہلے سائفر کی آڑ میں پارلیمنٹ سے استعفے دئیے اور اب واپسی کیلئے بھیک مانگی جا رہی ہے۔

وہ جمعرات کو یہاں مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے عہدیداران سے خطاب کررہی تھیں۔ اس موقع پروفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، معاون خصوصی وزیراعظم برائے امور نوجوانان شیزا فاطمہ، ارکان پارلیمنٹیرینز و دیگر بھی موجود تھے۔ مریم نواز نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جن کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے مسلم لیگ (ن) دن رات کوشاں ہے، اس وقت ملک کی سمت بدلنے کی ضرورت ہے جس میں نوجوان نسل بھرپور کردار ادا کرسکتی ہے۔ نوجوان پاکستان کا حال اور مستقبل ہیں جنہیں اپنی توانائیاں پاکستان کی ترقی کیلئے صرف کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی آبادی کا زیادہ حصہ یوتھ پر مشتمل ہے تاہم کچھ لوگ انہیں سیاسی ایندھن کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔ اگر اس وقت ملکی ترقی کا پلان، معیشت کی بہتری کا پلان اور نوجوانوں کی ترقی کا پلان کسی جماعت کے پاس ہے تو وہ مسلم لیگ ن ہے۔

اس وقت پارلیمنٹ میں موجود نوجوانوں کی اکثریت کا تعلق مسلم لیگ(ن) سے ہے اور انشا اللہ آنے والی پارلیمنٹ میں بڑی تعداد نوجوانوں کی ہوگی۔مریم نواز نے مزید کہا کہ نوجوان ملک کی خدمت کرنا چاہتے ہیں تاہم اس طرح کا ماحول پیدا نہیں ہونے دیا جارہا اسی لئے برین ڈرین ہورہا ہے، نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ورک فورس کی بہت بڑی تعداد موجود ہے جسے ٹیکنالوجی میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ نوجوان قومی فیصلہ سازی میں اپناکردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا کام ملک کی باگ ڈور سنبھالنا ہے ان کا کام صرف ڈنڈے کھانا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان خود تو گھر میں چھپ کر بیٹھا ہوا ہے اور قوم کے بچوں کو سڑکوں پر کھڑا کردیا ہے، سیاسی کارکنوں پر تشدد کسی صورت بھی قبول نہیں تاہم سیا سی کارکنوں کوبھی قانون ہاتھ میں نہیں لینا چاہئے، گزشتہ روز کارکن کی ہلاکت کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ کونسی ایسی تحریک ہے جس میں لیڈر گھر میں اور نوجوان سڑکوں پر ہوں، نوجوانوں کو ورغلا کر انہیں دل فریب خواب دکھائے جارہے ہیں۔ اس سے بڑی منافقت کیا ہوگی کہ اپنے بچے لندن میں محفوظ بیٹھے ہوں اور عوام کے بچے سڑکوں پر ہوں۔ مریم نواز نے کہا کہ لیڈر اور گیدڑ میں یہی فرق ہوتا ہے کہ لیدڑ سڑکوں پر نکل کر عوام کے ساتھ ہوتا ہے جبکہ گیدڑ کمرے میں بند ہوکر چارپائی کے نیچے چھپ جاتا ہے۔

عمران خان خود گھر بیٹھا تھا اور پی ٹی آئی کے نوجوان جیل بھرو تحریک میں نظر آرہے تھے، دنیا کی یہ پہلی تحریک ہے جس میں لیڈر گھر چھپ کر بیٹھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ لیڈر ہی تھا جو بیٹی کا ہاتھ تھامے گرفتاری دینے پاکستان آگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف انتشار پھیلا رہا ہے ان سب کا احتساب ہونا چاہئے، الیکشن کا شوق ہے تو یہ بھی سوچنا چاہئے اس پر لگنے والا پیسہ قوم کا ہے، پہلے پرویز الہی سے کہہ کر اسمبلی تڑوا دی اور اب دوبارہ الیکشن کیلئے چیخ رہا ہے، اگردوبارہ الیکشن ہوگئے اور کسی ایک صوبہ سے جیت گیا تو کون اس کی ضمانت دے گا کہ یہ پھر اسمبلی نہ توڑے کیونکہ یہ ذہنی مریض ہے اسی لئے ضمنی انتخابات کے موقع پر ہر جگہ الیکشن کیلئے کھڑا ہوگیا تھا۔

مریم نواز نے کہا کہ آج ان کا دل خون کے آنسو رورہا تھا جب ہلاک ہونے والے سیاسی کارکن کے بزرگ والد کو تعزیت کیلئے زمان پارک بلایا گیا اور وہ اس کے سامنے ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھا ہوا تھا، میں نے سیاسی کارکن کی اس سے زیادہ تذلیل ہوتے ہوئے نہیں دیکھی۔ انہوں نے کہا ہے کہ جس کا گھر کوئی چلاتا ہو، جس نے ملک کے تحائف بیچ دیئے ہوں، جس کی بیوی فائلوں پر دستخط کرانے کے عوض ہیرے کی انگوٹھی مانگتی ہو، وہ کیا ملک چلائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک میں انصاف نہیں ہوگا اس میں ترقی نہیں آسکتی، انصاف کا معیار سب کیلئے برابر ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جو بندہ سیاست کیلئے اپنی بیٹی قربان کردے اسے کیا کہا جاسکتا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے اپنی بیٹی کے بارے میں قوم سے جھوٹ بولا، ایک طرف دو پیشیاں اور دوسری طرف 200 پیشیوں کا موازنہ کریں۔

مریم نواز نے کہا کہ عدالت بلائے تو کہتا ہے جان کو خطرہ ہے جبکہ ریلیوں میں جانے کو تیار ہے، ریلی میں زیادہ خطرہ ہونے کے باوجود وہاں عمران خان شوق سے جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں کی بیماریوں کا مذاق اڑانے والا اب خود بیماریوں کے بہانے بنا رہا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ پولیس کے نوجوان بھی کسی کے بیٹے اور بھائی ہیں، کیا پولیس جوانوں کی جانوں کی قیمت قاسم اور سلیمان سے کم ہے، پی ٹی آئی نے کل کے ڈرامے میں پولیس کے نوجوانوں کو زخمی کیا، گاڑیاں توڑیں اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی۔ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل اب نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے، مسلم لیگ (ن) 2018ءمیں ترقی کرتا پاکستان چھوڑ کر گئی تھی، نوجوان ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں، مسلم لیگ (ن) نوجوان نسل کو آئی ٹی کے شعبہ میں آگے لانا چاہتی ہے، سکالر شپس، انٹر پرینور، قرضہ جات سکیم اور انڈومنٹ فنڈ مسلم لیگ (ن) نے ہی متعارف کرایا۔ قبل ازیں معاون خصوصی شیزا فاطمہ اور سید عاشق حسین شاہ کرمانی نے بھی خطاب کیا۔