ملیر پولیس کیجانب سے 9محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے بہترین انتظامات

22
ملیر پولیس کیجانب سے 9محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے بہترین انتظامات

کراچی۔ 05 جولائی (اے پی پی):ایس ایس پی ملیرکاشف آفتاب عباسی نے کہا ہے کہ ملیر پولیس 9محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے ضلع بھر میں اپنے فرائض انجام دے رہی ہے ،جلوسوں کی گزرگاہوں اور مجالس کے مقامات پر 1700سے زائد نفری تعینات کی گئی ہے۔

ہفتہ کو ترجمان ملیر پولیس کے مطابق ایس ایس پی ملیر سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور جلوسوں کے روٹس، مجالس کے مقامات اور اہم پوائنٹس پر موجود رہ کر افسران و جوانوں کو بریفنگ دے رہے ہیں۔اس موقع پرایس ایس پی ملیر نے کہا کہ پولیس افسران، جوان، لیڈی پولیس اہلکار، انٹیلیجنس اسٹاف، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور دیگر متعلقہ یونٹس سکیورٹی پرمامور ہیں،سینئر افسران موقع پر موجود رہ کر نہ صرف سکیورٹی پلان کی نگرانی کر رہے ہیں بلکہ تمام عملے کی فعالیت کو یقینی بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے لیے ترتیب دیے گئے متبادل ٹریفک روٹس اور مرکزی راستوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس 9محرم الحرام کے جلوسوں میں شریک عزاداروں کو مکمل تحفظ فراہم کر رہی ہے اور امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔