شیخوپورہ۔ 15 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی واضع ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ڈاکٹر وقار علی خان و دیگر ضلعی افسران کی زیر نگرانی عوام الناس کو سیوریج کے پچھلے کئی سالوں سے درپیش مسائل کے حل کے لیے نالہ جات اور ڈرینز کی صفائی ستھرائی کا عمل 24 گھنٹے جاری ہے ۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ڈاکٹر وقار علی خان نے کہا ہے کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد جمیل اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس سمیت اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس پر واقع نالہ جات کی صفائی ستھرائی کروائی جا رہی ہے تاکہ یوم عاشورہ پر ممکنہ بارشوں کے پیش نظر بارشی پانی کی نکاسی کو بروقت یقینی بنایا جاسکے ۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار علی خان نے کہا کہ ضلعی افسران کی زیر نگرانی خالد محمود انڈر پاس ، ریلوے لائن ، گجرانوالہ روڈ ، امام بارگاہ شان حسین سمیت محرم الحرام کے روٹس اور مجالس کے مقامات پر واقع نالہ جات اور ڈرینز کی صفائی ستھرائی کا عمل مسلسل جاری ہے ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار علی خان نے کہا کہ ضلع کے تمام شہروں ، قصبوں اور دیہاتوں میں عشرہ محرم الحرام کے دوران نکاسی آب کے لئے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں ، سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے تسلسل سے کام جاری ہے ، مسلسل بارش سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کے مشینری اور عملہ مکمل الرٹ ہے ۔