منشیا ت کی لعنت کے انسداد کیلئے مشترکہ کاوشوں اور میڈیا کے ذریعہ موثر آگاہی کی ضرورت ہے،سینئرجوائنٹ سیکرٹری وزارت انسداد منشیات 

341

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):وزارت انسداد منشیات کے سینئرجوائنٹ سیکرٹری سبینو سکندرجلال نے معاشرے میں منشیا ت کی لعنت کے خاتمے کیلئے اجتماعی کوششوں اورذرائع ابلاغ کے ذریعہ عوام میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو یہاں انفارمیشن سروس اکیڈمی ، وزارت اطلاعات ونشریات کے زیر اہتمام منشیات کے استعمال اورسمگلنگ کی روک تھام کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈی جی انفارمیشن سروس اکیڈمی سعید جاوید اورقومی خبر رساں ادارے اے پی پی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عدیلہ رباب کاظمی نے بھی خطاب کیا۔

سیمینار میں انفارمیشن گروپ کے زیر تربیت افسران نے انسدادِ منشیات کے حوالے سے اپنی اپنی پریزینٹیشنز دیں۔ سبینو سکندر جلال نے کہا کہ انفارمیشن آفیسرز ذرائع ابلاغ میں منشیات کی لعنت کے مسئلے کو اجاگرکرتے ہوئے اس کی روک تھام میں موثر کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کا استعمال گزشتہ کئی سالوں سے ہماری سوسائٹی کا حصہ بن چکا ہے اورپوری دنیا میں کم وبیش 435 بلین ڈالرز مالیت کی منشیات کا غیر قانونی کاروبار ہورہا ہے جبکہ ترقی یافتہ ممالک اس کی روک تھام کیلئے اربوں ڈالرز خرچ کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ منشیات کو روکنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اس کی طلب کو کم کیا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ اس کے مضر اثرات کے بارے میں آگاہی بھی پیدا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ایک ہمسایہ ملک میں افیون کی بڑی مقدارمیں کاشت کی جاتی ہے ، پاکستان کو یورپی ممالک میں اس کی سمگلنگ کیلئے راہداری کے طور پر استعمال کیاجاتا ہے۔ اس ضمن میں پاکستان میں اسکی روک تھام کیلئے 35 ایجنسیوں جن میں پولیس اور دیگر ادارے شامل ہیں ،کو اختیارات تفویض کیے گئے ہیں۔

انہوں نے شرکا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ بطور انفارمیشن آفیسرز انسدادِ منشیات کے حوالے سے پیغام کو میڈیا کے ذریعے عوام تک موثر انداز میں پہنچا سکتے ہیں۔انہوں نے انفارمیشن گروپ کے افسران کی منشیات کے مسئلے کے بارے میں پریزنٹیشنز کو سراہا۔اے پی پی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عدیلہ رباب کاظمی نے بطور جج فرائض انجام دیتے ہوئے مقابلے میں حصہ لینے والوں کی تقاریر کا جائزہ لیا اور کامیاب ہونے والوں کا اعلان کیا ۔

انہوں نے کامیاب شرکا کو مبارکباد دیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ اپنی تقاریر میں ہمیشہ مصدقہ اعدادوشمار کا حوالہ دیں۔ڈی جی انفارمیشن سروسز اکیڈمی سعید جاوید نے کہا کہ مستقبل کے میڈیا منیجرز کی حیثیت سے انفارمیشن افسران کو معاشرے کے مسائل کے بارے میں بہتر طو ر پر آگاہی ہونی چاہئے۔ انہوں نے مہمان خصوصی کاشکریہ ادا کرتے ہوئے مقابلے میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی۔