چنیوٹ۔ 18 نومبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرچنیوٹ عبداللہ احمد کی زیرصدارت منشیات فروشوں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کیلئے عملی اقدامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر خرم شہزاد، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر محمد اصغر سہیل ،ڈی ایس لیگل عبیداللہ اور ڈی ایس پی انوسٹی گیشن ظفر اقبال بھی موجود تھے۔ اجلاس میں منشیات کے مقدمات کی تفتیش کے حوالے سے اہم پوائنٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پراسیکیوشن افسران نے تفتیشی امور میں نقائص کی نشاندہی کی اور معیار تفتیش بہتر بنانے پر غور کیا گیا۔
دوران تفتیش شہادتوں کو پیشہ وارانہ انداز میں محفوظ کرنے اور عدالت میں بطور ثبوت پیش کرنے کے حوالے سے ڈسکس کیا گیا۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد نے کہا کہ منشیات فروشوں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ منشیات کے مقدمات میں پولیس افسران کی پیشہ ورانہ مہارت کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ ٹھوس شواہد اور معیاری تفتیش کو یقینی بناتے ہوئے منشیات فروشوں کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جا رہی ہیں۔