منشیات کی سمگلنگ کو ہر ممکن طریقے سے روکا جا رہا ہے، نوابزادہ شاہ زین بگٹی سے برطانوی وفد کی ملاقات

221

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ منشیات کی سمگلنگ کو ہر ممکن طریقے سے روکا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا انہوں نے پیر کے روز برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت ڈی جی او سٹیفن روڈ ہائوس کر رہے تھے، وفاقی وزیر کو نیشنل کرائم ایجنسی کے دنیا بھر میں آپریشنز کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے منشیات کی سمگلنگ اور اس کے استعمال کی روک تھام پر برطانوی ایجنسی کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ منشیات کی سمگلنگ کو ہر ممکن طریقے سے روکا جا رہا ہے، برطانوی کرائم ایجنسی کی طرف سے سمگلنگ کی روک تھام کے لئے مختلف آلات کی فراہمی اور تکنیکی تعاون خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے این ایف اور متعلقہ عالمی اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے پر اتفاق ہوا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں اور گوادر میں سپیشل انویسٹیگیشن سیل قائم کیے جائیں گے جس سے نہ صرف منشیات کے مناسب تدارک میں مدد ملے گی بلکہ منشیات سے متعلقہ تفتیش کا عمل بھی شفاف طریقے سے مکمل ہوگا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ منشیات سے متعلق جوڈیشل افسران کی برطانوی اداروں کے ساتھ ٹریننگ بھی زیرغور ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی سکیورٹی کی صورتحال کی وجہ سے منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام ایک چیلنج بن چکا ہے، پاکستان نے حال ہی میں انسداد منشیات کے عالمی ادارے کے تعاون سے کنٹری پروگرام کے اگلے فیز کا آغاز کیا ہے جس میں منشیات کے عادی افراد کے لئے جیلوں میں علیحدہ بیرکس اور منشیات کے ملزمان کا ایک نیشنل ڈیٹابیس شامل ہے اس کے علاوہ انسداد منشیات سے متعلق 40 ہزار افراد کی خصوصی تربیت کی جائے گی۔

ملاقات میں پاکستان اور برطانوی اداروں کے درمیان انسداد منشیات سے متعلق مختلف امور پر تعاون کے بارے میں معلومات کا تبادلہ کیا گیا۔