کراچی۔ 13 جون (اے پی پی):انسداد منشیات کے بین الاقوامی ادارے انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ افیئرز (آئی این ایل)کے وفد نےسندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن سےملاقات کی اورانسداد منشیات ، باہمی مفادات اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ،
جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں آئی این ایل کی جانب سے ڈائریکٹر لوری انٹولینز، کائونٹر نارکوٹکس ایڈوائزر مارک کینیڈی، ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کے اتاشی تھامس مارشل، اے آر ایس او جوش میک کیو، پروگرام اسپیشلسٹ راجہ شرجیل حسن اور دیگر شامل تھے جبکہ محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کے سیکرٹری سلیم راجپوت، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اورنگزیب پنہور، ڈائریکٹر نارکوٹکس کنٹرول ریاض حسن کھوسو بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں فریقین کی جانب سے انسداد منشیات ، باہمی مفادات اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے آئی این ایل کے وفد کو ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ آئی این ایل کی ڈائریکٹر لوری انٹولینزنے کہا کہ انسداد منشیات میں حکومت سندھ کی کوششیں قابل ستائش ہیں، ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کے اتاشی تھامس مارشل کا کہنا تھا کہ منشیات کا خاتمہ یقینی بنانے کے لئے حکومت سندھ کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کے لئے تیار ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ ہم سب کا مشترکہ مشن ہے، انسداد منشیات کے لئے پاکستان کے تمام صوبے نمایاں کوششیں کر رہے ہیں، تاہم حکومت سندھ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں سرفہرست ہے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے آئی این ایل کے وفد کو ایکسائز ،نارکوٹکس کنٹرول اور پولیس کے تعاون سے جاری کریک ڈائون کارروائیوں کی تفصیلات سے آگا ہ کیا ۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنا ہمارا مشن ہے، پولیس، ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول اور اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)تندہی سے کام کر رہے ہیں، بحالی کے مراکز فعال ہیں اور ہم نشے کے عادی افراد کو معاشرے میں دوبارہ ضم ہونے میں مدد کے لیے مزید مراکز قائم کر رہے ہیں۔ آئی این ایل کے وفد نے ریپڈ رسپانس یونٹ کے قیام کو سراہا اور کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے انسداد منشیات کے لئے ریپڈ ریسپانس یونٹ کا قیام ایک مثبت قدم اور خوش آئند ہے۔
ملاقات میں سندھ حکومت اور بین الاقوامی شراکت داروں کے انسداد منشیات کی کارروائیوں کو مضبوط بنانے اور تعاون پر مبنی کوششوں کو بڑھانے کے عزم پر زور دیا گیا، بعدا زاں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے معزز مہمانوں کو روایتی سندھی اجرک کے تحفے بھی پیش کئے ۔