منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کا وفاقی وزیر خزانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس

117
APP24-25 ISLAMABAD: October 25 - Federal Minister Finance Ishaq Dar along with Christine Lagarde, Managing Director, IMF addressing a press conference. APP photo by Javed Qureshi

اسلام آباد ۔ 25 اکتوبر (اے پی پی) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لا گارڈ نے پاکستان کو معاشی اصلاحات پروگرام کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بہتر معاشی استحکام اور مضبوط سرکاری مالیات سے معیشت کو ٹھوس بنیاد فراہم ہو گئی ہے۔ آئی ایم ایف پاکستان کی معاشی چیلنجوں سے نمٹنے اور اپنے وسیع معاشی امکانات کو بروئے کار لانے کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ پالیسی مکالمہ و استعداد کاری سے متعلق ہماری رفاقت جاری رہے گی۔ وہ منگل کو اپنے دورہ پاکستان کی تکمیل پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے وزیراعظم نواز شریف‘ وزیر خزانہ اسحاق ڈار‘ مرکزی بینک کے گورنر اشرف وتھرا اور دیگر سینئر سرکاری حکام کے ساتھ تبادلہ خیال کو مفید قرار دیا اور پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی معاونت سے چلائے جانے والے معاشی اصلاحاتی پروگرام کی کامیاب تکمیل پر میں پاکستان کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ بہتر معاشی استحکام اور ساتھ ہی طاقت ور بیرونی بفرز اور مضبوط سرکاری مالیات سے معیشت کو ایک ٹھوس بنیاد فراہم ہوگی، بہت سی ٹیکس مستثنیات اور رعایات ختم کر دی گئی ہیں اور بلند ٹیکس محاصل سے سرکاری سرمایہ کاری اور سماجی اخراجات میں اضافہ ممکن ہوا ہے۔ تین سال پہلے کے مقابلے میں ہدفی سماجی معاونت سے فائدہ اٹھانے والے غریب خاندانوں کی تعداد 1.5 ملین بڑھ گئی ہے۔