موجودہ حکومت ملک میں خوراک و زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے، مخدوم خسرو بختیار

119

اسلام آباد ۔ 09مئی(اے پی پی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک میں خوراک و زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوںپر اقدامات کررہی ہے۔ ان اقدامات کی بدولت یہ شعبہ بہتری کی طرف گامز ن ہو جائے گا اور ملکی برآمدات میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں خوراک و زراعت سے متعلق 5 منصوبے پیش کیے گیے جس میں پہلا منصوبہ گندم کی پیداوار میں اضافہ کے لیے 31987.4 ملین روپے کامنصوبہ پیش کیا گیا جس کو حتمی منظوری کے لیے ایکنک بھجوا دیا گیا۔دوسرا منصوبہ چاول کی پیداوار میں اضافہ کے لیے 15809.620 ملین روپے کامنصوبہ پیش کیا گیا جس کو حتمی منظوری کے لیے ایکنک بھجوا دیا گیا۔تیسرا منصوبہ گنے کی پیداوار میں اضافہ کے لیے 5019.589 ملین روپے کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو مزید منظوری کے لیے ایکنک بھجوا دیا گیا۔ چوتھا منصوبہ ائل سیڈز تیل کی پیداوار میں اضافہ کے لیے 10167.25 ملین روپے کا پیش کیا گیا جس کو حتمی منظوری کے لیے ایکنک بجھوا دیا گیا۔انچواں منصوبہ کیج کلچر کلسٹر ڈویلپمنٹ منصوبہ کے لیے 6582 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو اجلاس نے مزید منظوری کے لیے ایکنک بھجوا دیا۔