موجودہ شدید گرمی کی لہر ( کل)بھی برقرار رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

28
موجودہ شدید گرمی کی لہر ( کل)بھی برقرار رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ شدید گرمی کی لہر کل (جمعرات ) کوبھی برقرار رہنے کا امکان ہے۔اس دوران ملک کے بالائی علاقوں(وسطی/بالائی پنجاب،اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان)میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 05 سے 07 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے جبکہ جنوبی علاقوں(بالائی /وسطی سندھ ،جنوبی پنجاب اور بلوچستان) میں 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈزیادہ رہنے کی توقع ہے،

عوام الناس کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ (صبح 1100 سے شام0400 بجے تک) کے دوران براہ راست سورج کی روشنی سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم بالائی خیبرپختونخوااور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک اور ہلکی بارش متوقع ہے۔کل (جمعرات ) کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔

بعدازدوپہر میدانی علاقوں میں تیز/گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع۔ شام/رات کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہوائوں/آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہا۔بدھ کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت : بھکر ، جیکب آباد49، سبی،نورپورتھل،سرگودھا،گوجرانوالہ،حافظ آباد48،اٹک، شیخوپورہ، منڈی بہائوالدین، جہلم، جوہرآباد، بہاولنگر،قصور، منگلا،سیالکوٹ،لیہ،بنوں اورڈی آئی خان میں 47ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔