موجودہ مسابقتی دور میں آگے بڑھنے کے لیے افرادی قوت کو جدید ترین تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا یوم مزدور پر پیغام

53
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کو سماجی و اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے لئے بے پناہ قربانیاں اور خدمات انجام دینے پر تمام محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ مسابقتی دور میں آگے بڑھنے کے لیے افرادی قوت کو جدید ترین تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس طرح علاقائی انضمام میں اضافے کے نتیجے میں ابھرتے ہوئے معاشی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے گا۔

یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ میں اپنی قوم کی جانب سے ان محنت کش مردوں اور خواتین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بے پناہ قربانیاں اور خدمات انجام دیں۔ یہ دن پاکستانی افرادی قوت کی طاقت، کردار، قابلیت اور اپنے ملک کو دنیا میں ایک خوشحال اور ترقی پسند قوم بنانے کے لیے لگن کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم ان تمام محنت کشوں کی شکر گزار ہے جنہوں نے پاکستان کی ترقی کے عمل میں اپنا پسینہ اور خون دیا اور ملک کو سماجی و اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے میں مدد کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ اس دن پاکستان تمام محنت کشوں اور ان کے خاندانوں کے لیے ایک سازگار ماحول اور اعلیٰ معیار زندگی فراہم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ محنت کی عظمت پر ہمارا یقین پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے اور ہم جانتے ہیں کہ صرف ایک خوشحال اور مطمئن افرادی قوت ہی ملک کی معاشی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکتی ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان نے اپنی لیبر فورس کی فلاح و بہبود کے لیے سماجی تحفظ کے پروگراموں کے ذریعے صحت کی بیمہ، خوراک، رہائش اور مالی امداد فراہم کر کے اور کم از کم اجرت میں اضافہ کر کے متعدد اقدامات کیے ہیں۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ آج کی دنیا انتہائی مسابقتی ہے اور ہمارا آگے بڑھنے کا واحد راستہ ایک ایسی افرادی قوت ہے جو جدید ترین تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ ہو۔ پاکستان کو اپنی افرادی قوت کی مہارت کو پروان چڑھانے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ علاقائی انضمام میں اضافے کے نتیجے میں ابھرتے ہوئے معاشی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔ ہم اس بات سے بھی واقف ہیں کہ بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے اور تمام محنت کشوں کو مناسب حقوق فراہم کرنے کی کوشش کے لیے مسلسل توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک بار پھر پورے پاکستان کے محنت کشوں کو سلام پیش کرتا ہوں اور ان کی مستقبل کی بھلائی اور خوشحالی کے لیے دعا کرتا ہوں۔