موجودہ موسم میں ڈینگی کے سنگین خطرات کے پیش نظر احتیاطی و حفاظتی تدابیر پر عملدر آمد ضروری ہے، ڈی جی ایف ڈی اے

158
ملتان میں ڈینگی کی صورتحال، 24 گھنٹوں کے دوران نشتر ہسپتال میں 5 مشتبہ اور 3 کنفرم ڈینگی کے مریض زیرِ علاج

فیصل آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہاہے کہ موجودہ موسم میں ڈینگی وائرس کے موجود سنگین خطرات کے پیش نظر احتیاطی و حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد بے حد توجہ اور احساس کا متقاضی ہے جس میں غفلت یاعدم توجہی کے متحمل نہیں ہوسکتے لہٰذا ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے اور لاروا برآمد ہونے کی صورت میں پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے منتظمین کے خلاف مقدمات درج کرانے پر مجبور ہونگے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی مانیٹرنگ ٹیمیں سرگرم عمل رہیں گی اور انسپکشن کے دوران انسداد ڈینگی قوانین پر عمل نہ کرنیوالے قانون کی زد میں آئینگے۔

انہوں نے یہ بات پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے نمائندوں سے میٹنگ کے دوران کہی جوہنگامی بنیادوں پر طلب کی گئی تھی تاکہ انہیں ڈینگی کے سنگین مسئلہ سے آگاہ اور اختیاطی تدابیر پر عملدرآمد کے بارے میں احساس دلایا جاسکے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈ ی اے عابد حسین بھٹی، ڈائریکٹر ٹاؤ ن پلاننگ عاصم محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ احمد ابراہیم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر/فوکل پرسن محمد عثمان رامے ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجودتھے۔

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہاکہ ڈینگی وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی خطرناک صورت حال باعث تشویش ہے جس پر کماحقہ قابو پانے کیلئے معاشرے میں ہرسطح کا تعاون ناگزیر ہے جس کیلئے ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کا صفایا کرنے کے لئے ہرشہری اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہیے اس سلسلے میں ہاؤسنگ سوسائٹیز کاکردار بڑی اہمیت کاحامل ہے لہٰذا انسداد ڈینگی اقدامات پرعملدرآمد کیلئے تمام رہائشیوں کے شعور کو بیدار رکھیں اور احتیاطی و حفاظتی تدابیر و دیگر متعلقہ معلومات پر مبنی پمفلٹس /بروشرز ان تک پہنچائیں اور نمایاں جگہوں پر بینزز آویزاں رکھیں، کسی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیں،گرین بیلٹس، پارکس، پانی کی ٹینکوں سمیت دیگر جگہوں کو صاف رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ انسدادی اقدامات پر عملدرآمد کیلئے شعوری کوششوں کو جاری رہناچاہیے اس سلسلے میں محکمہ صحت کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کیاجائے اور ان کی فنی و تکینکی مشاورت میں ان اقدامات کو کامیاب بنائیں۔سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر اسفندر یارنے بتایاکہ ضلع بھر میں محکمہ صحت کی 938 سرویلنس ٹیمیں ڈینگی لاروا کی نشاندہی اور انسدادی اقدامات کیلئے سرگرم عمل ہیں لیکن عوامی تعاون کے بغیر اس مسئلے پر قابو نہیں پایاجاسکتا ہے یہی وجہ ہے کہ ہرسطح پر انسداد ڈینگی پیغامات عام کرنے کے پروگرامز منعقد کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ اس سیزن میں اب تک 31ہزار مقامات سے لاروا کی نشاندہی کی گئی ہے جوکہ انتہائی الارمنگ صورت حال ہے اور زیادہ تر لاروا گھروں کے اندر سے برآمد ہواہے لہٰذا ہاؤسنگ سوسائٹیز کے منتظمین ڈینگی کے مسئلے کا بخوبی ادراک کریں اور زیر تعمیر گھروں، پلازوں، دکانات اوردیگر تعمیرات سمیت خالی پلاٹوں، پارکوں ودیگر کسی بھی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں اورخصوصی طور پر ایئرکولرز اور چھتوں و قبرستانوں میں پرندوں کے پانی کیلئے رکھے برتنوں کو صاف رکھیں۔

انہوں نے کہاکہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کی انتظامیہ کو چاہیے کہ مالیوں، گارڈز اوردیگر سٹاف پر مشتمل ٹیمیں مقرر کرکے ڈینگی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی و حفاظتی و انسداد ی تدابیر پر عملدرآمد کوچیک کریں۔ کسی قسم کی رپورٹنگ، سیمپلنگ یا شکایت کی صورت میں محکمہ صحت سے رابطہ کیاجائے۔ مٹینگ کے دوران ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر عظیم ارشد، انٹمالوجسٹ خرم کمبوہ اوردیگر ماہرین نے شرکاء کو ڈینگی کنٹرول کے حوالے سے اہم تربیت فراہم کی گئی اور لاروا کی شناخت سمیت احتیاطی تدابیراور ڈینگی بخار کی علامات کے بارے میں آگاہ کیا۔