مودی کے عوام دشمن اقدامات کے خلاف سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ،بھارتی فوج نے کشمیری پولیس اہلکاروں کو خفیہ طور پر قتل کرنا شروع کر دیا

69
kashmir

سرینگر۔7نومبر (اے پی پی):غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات کے خلاف سرینگر میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق احتجاجی مظاہرے کا اہتمام تاجر یونین نے سرینگر کے پریس انکلیو پر کیا تھا اور شرکا ء نے نجکاری کے نام پر بجلی اور سرکاری شعبے کے دیگر اداروں کو باہر کے لوگوں کے حوالے کرنے کے قابض حکومت کے منصوبے کی مذمت کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد ایک طرف بھارتی وزیر اعظم کے ساتھیوں کو فائدہ پہنچانا ہے اور دوسری طرف کشمیری عوام کو لوٹنا اورغربت کے شکار کشمیری عوام پر مزید بوجھ ڈالنا ہے، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(مارکسسٹ)کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصدبجلی کی مقامی تقسیم کار کمپنیوں کو ختم کرکے کشمیری صارفین پر بیرونی لوگوں کی اجارہ داری قائم کرنا ہے۔

ایک چونکا دینے والے انکشاف میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی فوج کس طرح مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری پولیس اہلکاروں کو خفیہ طور پر قتل کرنے میں ملوث ہے۔حال ہی میں ہلاک ہونے والے ایک پولیس اہلکار غلام محمد ڈار کے اہل خانہ اور رشتہ داروں نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے اسے ضلع بارہمولہ کے علاقے ٹنگمرگ میں31اکتوبر کو گولی مار کرقتل کیا۔

انہوں نے بھارتی پولیس کے اس دعوے کی تردید کی کہ اسے مجاہدین نے مارا ہے ۔ پولیس اہلکار کی بیٹی عظمی گل نے کہا کہ جس لمحے ان کے والد کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا، اسی وقت بھارتی فوج کی ایک گاڑی علاقے سے گولیاں چلاتی ہوئی گزری۔ انہوں نے کہا کہ اس کے والد کو اسی گاڑی پر سوار بھارتی فوجیوں نے قتل کیا۔دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے مسئلہ فلسطین کی وجہ سے پیدا ہونے والے انسانی بحران اور عالمی امن کو لاحق خطرات کے دوران سرینگر میں جاری ایک بیان میں عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں بڑی تباہی سے بچنے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطین اور کشمیر کے تنازعات کے حل کے لیے اپنی کوششیں تیزکرے۔ اسرائیلی وزیر کی جانب سے غزہ کو جوہری حملے کی دھمکی کا حوالہ دیتے ہوئے

ترجمان نے افسوس کا اظہار کیا کہ ان دونوں تنازعات پر اقوام متحدہ کی بے حسی نے دنیا کو ایٹمی جنگ کے دہانے پر کھڑا کردیا ہے۔مودی حکومت نے ضلع اسلام آباد میں واقع ہندو امرناتھ غار تک سڑک تعمیر کی ہے جس سے علاقے کے پہلے سے نازک ماحول کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے اسے سب سے بڑا جرم قرار دیا۔

کشمیری پنڈت راہول پنڈتا نے جو ایک مصنف ہیں، سڑک کی تعمیر کو ایک تباہ کن اقدام قرار دیا۔ ایک اور کشمیری پنڈت تپیش کول نے افسوس کا اظہار کیا کہ مودی حکومت کے دورمیں بھارت میں ہندو مذہبی عبادت گاہوں کو سیاحتی مقامات میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ادھر بھارتی حکام نے آج ضلع پلوامہ میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے۔ کشمیر زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس وجے کمار نے امن وامان کو خطرے کا بہانہ بناکرانٹرنیٹ فراہم کرنے والی کمپنیوں کو سروس معطل کرنے کا حکم دیا۔