لاہور۔3مئی (اے پی پی):جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مرکزی جمیعت اہل حدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر کی وفات پر اظہار افسوس کر تے ہوئے کہا ہے کہ پروفیسر ساجد میر کی وفات عالم اسلام کا ناقابل تلافی نقصان ہے،پروفیسر ساجد میر اعتدال پسند رہنما ، روشن فکر قائد اور اتحاد واتفاق کے داعی تھے ، انہوں نے ہمیشہ وطن عزیز میں شعائر اسلام کے حوالے سے ہر تحریک میں اہم کردار ادا کیا ۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میں نے پارلیمنٹ اور باہر ہر موقع پر ان کے علم اور تجربے سے فائدہ اٹھایا ،پروفیسر مرحوم مہربان ،بزرگ اور شفیق انسان تھے ۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مرحوم کی خدمات ہمہ جہت اور ان کا کردار قابل تحسین تھا،اللہ کریم مرحوم کی مساعی جمیلہ کو قبول فرمائے ، اپنے شایان شان اجر عظیم سے نوازے اورمرحوم کو اعلی علیین میں مقام عطا فرمائے ۔
مولانا فضل الرحمان جے کہا کہ وہ پرفیسر ساجد میر مرحوم کے اہل خانہ ،کارکنان ، متعلقین اور پاکستان کے تمام مذہبی طبقے سے اظہار تعزیت کر تے ہیں،اللہ کریم اہل خانہ کو صبر جمیل دے ،دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہوں ۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے امیر جمعیت اہلحدیث پاکستان پروفیسر ساجد میر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہو ئے کہا کہ پروفیسر ساجد میر کی ملی قومی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ، ہم مرکزی جمعیت اہلحدیث کے ذمہ داران وکارکنان سے تعزیت کرتے ہیں ۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے جمعیت اہلحدیث کے مرکزی امیر پروفیسر علامہ ساجد میر کے انتقال پرگہرے دکھ کا اظہار کر تے ہو ئے کہا کہ وہ مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کر تے ہیں،پروفیسرعلامہ ساجد میر نے تمام مسالک کے ساتھ مل کر اتحاد امت کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔
علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ پروفیسر علامہ ساجد میر کا ہمیشہ سیاسی میدان خصوصا متحدہ مجلس عمل، ملی یکجہتی کونسل اور ایوان بالا میں مثبت کردار رہا، پروفیسرعلامہ ساجد میر کی ملی و سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ درایں اثنا ء سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق اورنائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے بھی پروفیسر ساجد میر کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591807