مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرلیے ہیں،اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال

212

سمبڑیال۔ 08 جولائی (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال احسن ممتاز گوندل نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرلیے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر سمبڑیال میں مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں، بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے برساتی نالوں ،سیوریج نالوں کی صفائی کا کام تحصیل بھر میں مکمل کرلیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال میں عوام کو ریلیف کیلئے ایمرجنسی فلڈ ریلیف کیمپ قائم کردیے گئے ہیں ،جبکہ مون سون میں کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تحصیل انتظامیہ پوری طرح الرٹ ہے۔

احسن ممتاز گوندل نے کہا کہ مون سون کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر میونسپل کمیٹی کی طرف سے سمبڑیال میں مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپ قائم کردیے گئے ہیں جہاں پر کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں شہری استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سمبڑیال شہر میں پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی اور میں انتظامیہ کاموں کا بخوبی معائنہ کررہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ جہاں ہمیں مون سون بارشوں سے نبردآزما ہونے کے چیلنج کا سامنا ہے وہاں پر بھارتی جارحیت کا خطرہ بھی موجود ہے۔