اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):وزارت مواصلات ملک بھر کی تمام موٹرویز پر موجود ریسٹ ایریاز کی بہتری کیلئے متحرک ہے،اس ضمن میں وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایات پرنیشنل ہائی وے اتھارٹی اور موٹروے پولیس کو واضح احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔منگل کواین ایچ اے ہیڈ کوارٹرز سے جاری مراسلہ میں این ایچ اے کے تمام زونل حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موٹروے پولیس کے تعاون سے ملک بھر میں تمام موٹرویز پر موجود ریسٹ ایریاز کا مسلسل سرپرائز وزٹ یقینی بنائیں۔
این ایچ اے ہیڈ کوارٹرز سے ایک اور مراسلہ جاری کیا گیا ہےجس میں موٹرویز سے منسلک 16اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو درخواست کی گئی ہے کہ چونکہ قیمتوں کی نگرانی کرنا بنیادی طور پر ضلعی حکام کی ذمہ داری ہےاس لئے وہ موٹروے پولیس اور این ایچ اے حکام سے مکمل تعاون کریں۔ اس تمام مہم کا مقصد ملک بھر کی تمام موٹرویز پر موجود ریسٹ ایریاز پر مسافروں کو معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
حقیقی قیمتوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی،اشیائے خوردونوش میں حفظان صحت کے اصولوں پر عملدرآمد اور ریسٹ ایریاز میں صفائی کو یقینی بنانا اس مہم کے بنیادی مقاصد ہیں۔وفاقی سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود نے گزشتہ روز اس ضمن میں ایک اجلاس کی سربراہی کی تھی جس میں این ایچ اے حکام اور موٹروے پولیس کو ایک مشترکہ،مربوط اور ثمر آور حکمت عملی کے ساتھ میدان عمل میں اترنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
ان ہدایات کی روشنی میں این ایچ اے کے جنرل منیجر آر او ڈبلیونے مراسلے جاری کئے۔احکامات کی تعمیل یقینی بناتے ہوئے این ایچ اے اور موٹروے پولیس کے حکام نے ضلعی انتظامیہ کی مدد سے فوری طور پر کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے۔ اس ضمن میں مختلف ریسٹ ایریاز بشمول رشکئی،پنسرہ،ہکلہ،اعظم پور،مخدوم پوراور قطب الدین شامل ہیں۔
این ایچ اے نے تعاون کیلئے جن 16اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھا ہےان میں مردان،صوابی،راولپنڈی،اٹک،چکوال،سرگودہا،حافظ آباداور شیخو پورہ شامل ہیں۔ننکانہ صاحب،ٹوبہ ٹیک سنگھ،فیصل آباد،ملتان،رحیم یار خان،بہاولپور،روہڑی اور سکھر کے ڈپٹی کمشنرصاحبان کو بھی مراسلہ کے ذریعے تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593463