موٹروے پولیس کی بروقت کارروائی ،کلر کہار کے قریب موٹروے پر میتھنول ٹینکر حادثہ کے بعد جائے حادثہ کو صاف کرنے کا عمل شروع

110
موٹروے پر کلر کہار

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کلر کہار کے قریب موٹروے پر میتھنول ٹینکر کے حادثے کے بعد جائے حادثہ کو حصار میں لے کر سڑک کو صاف کرنے کا عمل شروع کر دیا تاکہ کسی قسم کے جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق کلر کہار موٹروے سالٹ رینج پر مینتھول سے بھرا ٹینکر حادثے کا شکار ہوگیا۔ ٹینکر میں 48 ہزار لیٹرآتش گیر مواد موجود تھا۔

حادثہ کی اطلاع پاتے ہی موٹروے پولیس موقع پر پہنچ گئی۔تمام سیفٹی پروٹوکولز کو بروئے کار لاتے ہوئے موقع پر ایمبولنس اور فائر بریگیڈ کو طلب کر لیا گیا۔کسی بھی قسم کے جانی نقصان سے بچنے کے لئے وقتی طور پر ٹریفک کو معطل کر دیا گیا۔ موقع پر سیکٹر کمانڈر متعلقہ بیٹ کے ڈی ایس پی اور ان کی ٹیم موجود رہی۔ موٹروے پولیس کی جانب سے پیشہ وارانہ مہارت اور ایس او پی پر عمل کرتے ہوئے کم سے کم وقت میں موٹروے کو کلیئر اور ٹریفک کا بہاؤ بحال کر دیا گیا ہے۔

اس خطرناک آپریشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے پر ڈی آئی جی موٹروے نارتھ زون محمد یوسف ملک نے سیکٹر کمانڈر اور ان کی ٹیم کو خصوصی شاباش دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ موٹر وے پولیس اسی طرح اپنی صلاحیتوں کو برو کار لاتے ہوئے عوام کی خدمت جاری رکھے گی ۔