موٹروے پولیس نے گم شدہ 50 ہزار روپے تلاش کر کے ٹرک ڈرائیور کے حوالے کر دیئے

130
National Highways and Motorways Police

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):موٹروے پولیس نے موٹروے پر گم شدہ 50 ہزار روپے تلاش کر کے ٹرک ڈرائیور کے حوالے کر دیئے ۔ترجمان موٹروے پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کرنل شیر خان انٹرچینج کے قریب ٹائر تبدیل کرتے ہوئے ٹرک ڈرائیور کے 50 ہزار روپے گر گئے تھے اور ان پیسوں کاٹرک ڈرائیور کو پتہ نہیں چلا اور ٹرک ڈرائیور نے اپنا سفر جاری رکھا،کچھ دور جانے کے بعد جب اسے احساس ہوا تو وہ رک گیا۔

اسی دوران موٹروے پولیس مدد کو ا ٓپہنچی۔واقعہ کا علم ہوتے ہی موٹروے پولیس ڈرائیور کو ہمراہ لے کر بتائی ہوئی جگہ پر پہنچی اور رقم کی تلاش شروع کر دی گئی جہاں پربالآخر رقم تلاش کر لی گئی اور ٹرک ڈرائیور کے حوالے کر دی گئی جس پر اس نے موٹروے پولیس کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔