موٹروے پولیس کی کارروائی،نہرمیں گرنیوالے آئل ٹینکر کو نکال لیا ،ڈرائیورکی تلاش جاری

4

لاہور۔27جون (اے پی پی):موٹروے پولیس نے بروقت کارروائی کرکے نہرمیں گرنے والے خالی فرنس آئل ٹینکر کو بحفاظت نکال لیا ، ترجمان کے مطابق پتوکی قومی شاہراہ پر ایک خالی فرنس آئل ٹینکر تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر جمبر بی ایس لنک پل کا جنگلہ توڑتے ہوئے نہر میں جا گرا۔ اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور مقامی پولیس و ریسکیو 1122 کی مشترکہ کاوشوں سے ٹینکر کو کرین کے ذریعے نہر سے باہر نکال لیا گیا۔

اس ریسکیو آپریشن کی نگرانی موٹروے پولیس نے کی جبکہ ڈی ایس پی موٹر وے پولیس افضل مجید اور ڈی ایس پی پتوکی رانا سجاد اکبر بھی موقع پر موجود رہے۔ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق یہ حادثہ ملتان روڈ پر پیش آیا جس کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے موقع پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور سڑک کو فوری طور پر کلیئر کر کے ٹریفک کی روانی بحال کر دی۔ترجمان کے مطابق آئل ٹینکر کا ڈرائیور اور اس کا ساتھی تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔