فیصل آباد۔ 29 جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت نے مکئی کے کاشتکاروں کیلئے سفارشات جاری کی ہیں ۔ نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا کہ کاشتکار زمین کی ہمواری بذریعہ لیزر لیولر کریں اور زمین کی پہلی تیاری مکمل کرنے کے بعد 10 سے 12 ٹن فی ایکڑ گوبر کی کھاد ڈال کر اس کو کھیت میں بکھیرنے کے بعد بجائی کیلئے راؤنی کریں اورزمین وتر آنے کے بعد سب سے پہلے سہاگہ دیا جائے تاکہ کھیت میں ڈھیلے وغیرہ نہ بنیں۔انہوں نے کاشتکاروں کو آلو، کپاس، کماد کے کھیت خالی ہونے پربہاریہ مکئی کی کاشت ماہ فروری کے دوران مکمل کرنے، پانی بخوبی جذب کرنے والی بھاری میرازمین کے انتخاب اور کھیت کی سطح ہموار رکھنے کی ہدایت کی تاکہ بہتر کاشت کی صورت میں بمپر کراپ کاحصول ممکن ہو سکے۔
انہوں نے کہاکہ کاشتکار مکئی کے بیج کے حصول کیلئے بہاریہ کاشت کوفروغ دیں کیونکہ اس موسم میں مکئی کی اقسام کے کھیت دور دور ہونے کے باعث خالص بیج حاصل کرناممکن ہو سکتاہے۔انہوں نے کہا کہ زمین کو بجائی کیلئے تیارکرنے سے پہلے مصنوعی کھادوں فاسفورس اور پوٹاش کی پوری مقدار جبکہ نائٹروجن کھاد کی پہلی قسط جوکہ سنتھیٹک اقسام کیلئے تقریباً 6 بوری ایس ایس پی، ڈیڑھ بوری سلفیٹ آف پوٹاش اور آدھی بوری یوریا بنتی ہے جبکہ دوغلی اقسام یعنی ہائبرڈ کیلئے تقریباً ساڑھے6 بوری ایس ایس پی، دوبوری سلفیٹ آف پوٹاش اور ایک بوری یوریا بنتی ہے ڈالی جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=553161