لاہور۔24اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کی پیشرفت کا جائزہ اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شجعین وسطرو، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، سی او ہیلتھ ڈاکٹر ذوہیب حسن خان، ڈی ڈی ایچ اوز اور یو سی ایم اوز شریک ہوئے۔اجلاس میں سی او ہیلتھ ڈاکٹر ذوہیب حسن خان نے پولیو مہم کی تفصیلات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہم کے تیسرے روز 4 لاکھ 17 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس مہم کے دوران 22 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا نے تمام ڈی ڈی ایچ اوز کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں سخت مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے زیرو پولیو ویژن کو ہر قیمت پر عملی شکل دی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر کا ہر بچہ پولیو کے قطرے ضرور پیے، اس حوالے سے والدین اور سرپرستوں کی بھرپور ذمہ داری بنتی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں تاکہ شہر کو پولیو سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587000