میئر کراچی نے تین روزہ چوتھے میری گولڈ فیسٹیول کا افتتاح کردیا

79
بلدیہ عظمی کراچی دل کے دورے اور انجریز کی صورت میں فوری ہنگامی امداد مہیا کرنے کے لئے شہریوں کو تربیت دے گی، میئر کراچی

کراچی۔ 12 جنوری (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے کراچی کو پھولوں کے بجائے دیگر چیزوں کے حوالے سے جانا جاتا ہے،شہری اس تاثر کو تبدیل کرنے میں مدد کریں، شہر کا مثبت امیج اجاگر کرنے کے لئے صحت مند اور تعمیری سرگرمیاں جاری رہیں گی،

سندھ حکومت کے ساتھ ملکر اس شہر کی بہتری کے لئے کام کررہے ہیں، باتیں کرنے والے کرتے رہیں ہم اپنا کام جاری رکھیں گے، میری گولڈ فیسٹول میں شہریوں کی دلچسپی کے لیے 60ہزار سے زائد پھول لگائے ہیں،فیسٹیول کے انعقاد پر پارکس ڈپارٹمنٹ کے ایم سی کو مبارکباد دوں گا۔

ان خیا لات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز باغ جناح فریئرہال میں بلدیہ عظمی کراچی کے تحت تین روزہ چوتھے میری گولڈ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں پیپلزپارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، ڈائریکٹر جنرل پارکس جنید اللہ خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے ڈپٹی میئر کراچی کے ہمراہ میری گولڈ فیسٹول کا افتتاح کیا اور محکمہ باغات کے عملے میں تعریفی اسناد تقسیم کیں، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فریئر گارڈن شہریوں کا اثاثہ ہے، فریئر گارڈن میں جو کام محکمہ باغات نے کیا ہے وہ قابل تعریف ہے، میری گولڈ فیسٹول تین روز تک جاری رہے گا شہریوں کا داخلہ مفت ہوگا،

جو لوگ تنقید کرتے ہیں وہ کہیں گے کہ میئر پھول لگا رہے ہیں اور کام نہیں کررہے جن کا کام تنقید کرنا ہے وہ اس پر بھی تنقید کریں گے حالانکہ ہم دن رات شہری مسائل کے حل میں مصروف ہیں، کے ایم سی صوبائی حکومت کی مدد سے متحرک انداز میں کام کر رہی ہے، میری گولڈ فیسٹول میں کل رات صوفیانہ کلام اور قوالی نائٹ کا اہتمام ہے شہری بڑی تعداد میں آئیں، کراچی کے شہری دنیا کو بتائیں کہ ہمارے شہر میں اچھے کام بھی ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں نئی بسیں بھی پبلک ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرنے کے لیے آ گئی ہیں، محکمہ فائر بریگیڈ کافی متحرک ہے ان کی سالانہ کارکردگی اچھی رہی،مثبت تبدیلی یہ آئی ہے کہ اب فائر بریگیڈ کے رابطہ نمبر 1122پر موصول شکایات پر بلاتاخیر کارروائی ہو رہی ہے، سندھ حکومت کی جانب سے اس شہر کو گزشتہ روز تین اسٹارکل دی گئی ہیں،

ہمارے آنے سے قبل کے ایم سی کی آمدنی 58کروڑ تھی اور ہمارے آنے کے بعد اسی مدت کے دوران کے ایم سی کی آمدنی ایک ارب سے زائد ہو چکی ہے، باتیں کرنے والے کرتے رہیں ہم اپنا کام جاری رکھیں گے، کے ایم سی میں ریونیو کی صورتحال کو بھی بہتر بنا رہے ہیں تاکہ شہر میں بھرپور ترقیاتی کام کرائے جائیں، گزشتہ دنوں کے ایم سی نے پی ایس او سے 24کروڑ کی ریکوری کی ہے، بقایا26کروڑ بھی جلد آجائیں گے، زمینوں کی ریکوری پر بھی لینڈ ڈپارٹمنٹ کام کر رہا ہے،

تین نئی اسنارکل ہمیں مل چکی ہیں اور انہیں فوری استعمال کے لئے متعلقہ جگہ پر پہنچا دیا گیا ہے، حادثات کی صورت میں وہ شہر بھر میں کام کریں گی،کام کا سلسلہ اس طرح جاری و ساری رکھیں گے،کراچی میں سڑکوں کے اطراف اور کھلی جگہوں پر بھی موسمی پھول اور پودے لگائے جائیں گے، میری خواہش ہے کہ پورا شہر سرسبز و شاداب ہو، اس قسم کے فیسٹول سے شہر کا سافٹ امیج ابھرتا ہے، ہمارا شہر بہت اچھا ہے اس کی مثبت چیزوں کو سامنے لانے کی ضرورت ہے، سفاری پارک میں نئے جانور متعارف کروانے جا رہے ہیں،

سفاری پارک میں ہارس رائیڈنگ کا آغاز بھی کردیا جائے گا، گزشتہ دنوں سفاری پارک میں ڈائنو پارک اور زیپ لائن کا افتتاح کیا گیا ہے، کراچی چڑیا گھر میں تین ماہ میں بٹر فلائی گارڈن کو فعال کر دیا جائے گا، اپنے اور بچوں کے مستقبل کی خاطر عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلا کسی قسم کی توڑ تاڑ کے لئے نہیں ہونا چاہئے، لیول پلیئنگ فیلڈ ہر سیاسی جماعت کا ملنی چاہئے مگر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور افراتفری پھیلانے کی اجازت نہیں، میری دعا ہے کہ آنے والا وقت ہمارے شہر، صوبے اور ملک کے لئے بہتر اور سازگار ہو۔