نیویارک ۔ 05 اکتوبر (اے پی پی) میانمار کی فوج نے 27 اگست کو مسلم اکثریتی ریاست رخائن میں اپنی جان بچانے کے لئے ایک جگہ جمع ہو جانے والے مسلمانوں میں سے درجنوں افراد کو مار پیٹ ، جنسی تشدد اور چھرے گھونپ کر قتل کیا۔ یہ بات حقوق انسانی کے عالمی ادارے ہیومن رائٹس واچ نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہی۔ رپورٹ کے مطابق اس دن رخائن کے پانگ تا پائن نامی علاقے کی سیٹلائٹ سے لی گئی تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ میانمر کی فوج نے اپنی پرتشدد کارروائی کے بعد وسیع علاقے میں گھروں اور املاک کو نذر آتش کر دیا۔رپورٹ کے مطابق ایک اور گاﺅں مانگ نو میں میانمر کی فوج کے مسلمانوں کے ساتھ مظالم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے روز روشن کی طرح عیاں ثبوت ہر طرف بکھرے پڑے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ حکام اس صورتحال پر عملی اقدامات کریں۔