فیصل آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا ہے کہ پاکستانی برآمد کنندگان کو عالمی حالات کو سمجھتے ہوئے اپنے معاملات کو درست کرنا ہوگا، ہماری کوششوں سے میثاق معیشت پر کھل کر بات ہوئی جس کے نتیجے میں صوبائی سطح پر چیمبرز کی کو آرڈی نیشن کمیٹی تشکیل دی گئی تاکہ تمام چیمبروں کی نمائندگی اور مشاورت سے مسائل کا حل نکالا جا سکے ۔
پاکستان ہوزری مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایم اے ان کا اصل گھر ہے تاہم یہ حقیقت ہے کہ ایسوسی ایشن کی سطح پر مخصوص مسائل پر بات ہوتی ہے جبکہ چیمبر کی سطح پر اجتماعی مسائل کے حل کےلئے پالیسی سازوں سے عملی بحث و مباحثہ بھی ہوتا ہے۔ ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ انہوں نے فیصل آباد چیمبر کے تشخص کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ، اس سے قبل حکومتی مشاورت صرف دو بڑے چیمبروں تک محدود ہوتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوششوں سے میثاق معیشت پر کھل کر بات ہوئی جبکہ اس کے نتیجے میں صوبائی سطح پر چیمبرز کی کو آرڈی نیشن کمیٹی تشکیل دی گئی تاکہ تمام صوبائی چیمبروں کی نمائندگی اور مشاورت سے مسائل کا حل نکالا جا سکے اور ان کو وفاقی سطح پر بھی پیش کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں انہوں نے شہر کی جامع ترقی کےلئے کئی منصوبے شروع کئے جبکہ کمزور طبقوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کےلئے شہر اخواہ کی بنیاد بھی رکھی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اب فیصل آباد چیمبر کی آواز کو ملکی سطح پراہمیت دی جاتی ہے اور غالباً یہ پہلا موقع ہے کہ فیصل آباد چیمبر کے صدر کو ٹیکس بارے اناملی کمیٹی کا چیئرمین نامزد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس سمیت ری بیٹ کے بھی مسائل ہیں تاہم ہمیں ان کو حل کرانے کے ساتھ ساتھ ری بیٹ کے ریٹ کو بھی بہتر بنانے پر زور دینا ہوگا۔ صدر فیصل آباد چیمبر نے صنعت و تجارت سے متعلق اپنے خیالات کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ پاکستانی صنعتکاروں کو اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔