میجر لیگ کرکٹ، ٹیکساس سپر کنگز نے 15ویں میچ میں لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز کو 52 رنز سے ہرا دیا

3

ڈلاس۔25جون (اے پی پی):ٹیکساس سپر کنگز نےمیجر لیگ کرکٹ کے 15ویں میچ میں لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز کو 52 رنز سے ہرا دیا ۔ٹیکساس سپر کنگز کی یہ میجر لیگ کرکٹ میں چوتھی فتح ہے۔ٹیکساس سپر کنگز197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاس اینجلس نائٹ رائیڈرزکی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنا سکی، ٹیکساس سپر کنگ کے ڈونووان فریراآل رائونڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

بدھ کو گرینڈ پریری سٹیڈیم، ڈلاس میں کھیلے گئے میجر لیگ کرکٹ کے 15 ویں میچ میں ٹیکساس سپر کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے،شبھم رانجنے 70، ڈونووان فریرا43 اور سمیٹ پٹیل 38رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز کے شیڈلی وین شالک وِک اور آندرے رسل نے تین، تین جبکہ علی خان نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

جواب میں لاس اینجلس نائٹ رائیڈرزکی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنا پائی۔ انمکت چند 30 اور کپتان جیسن ہولڈر26 رنز بناپائے، ان کے علاوہ کوئی بیٹر ٹیکساس سپر کنگزکے بائولرز کے آگے جم کر نہ کھیل سکا ۔ ٹیکساس سپر کنگز کے بائولر عقیل حسین اور نور احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ڈونووان فریراکو آل رائونڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔