میر علی مردان خان ڈومکی کا تربت کی مرکزی پبلک لائبریری اور لا ءکالج کا دورہ

95
ڈومکی

کوئٹہ۔ 23 اکتوبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے پیر کوتربت کا ایک روزہ دورہ کیا ۔ انہوں نے تربت کی مرکزی پبلک لائبریری اور لا ءکالج کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے طلبہ سے ملاقات کی اور مختلف کلاسز کا جائزہ لیا۔

نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے تربت پبلک لائبریری میں طالب علموں کے شوق مطالعہ پر اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مکران میں علمی شعور اور تعلیمی ترقی کے لئے عوامی شراکت کو سراہا ۔نگران وزیر اعلیٰ نے برقی مشکلات کے مستقل ازالے کے لئے تربت پبلک لائبریری کو سولرائزڈ کرنے کا اعلان کیا جبکہ عالمی آن لائن لائبریریوں سے کنیکٹیوٹی کی بحالی کے لئے انٹر نیٹ کی طاقت میں اضافے کے احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے چینی سفارتخانے کی جانب سے تربت پبلک لائبریری کے لئے کتابوں کا تحفہ کالج انتظامیہ کے حوالے کیا ۔

نگران وزیر اعلیٰ نے لا ءکالج تربت کا بھی دورہ کیا اور وہاں جاری کلاسز کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ کو لا ءکالج تربت کے پرنسپل ڈاکٹرگل حسن سے بریفنگ لی اور طالب علموں کی خواہش پر حکومت بلوچستان کے اخراجات پر طالب علموں کو کل پاکستان کا مطالعاتی دورہ کرانے کا اعلان کیا ۔انہوں نے لا ءکالج تربت میں یادگاری پودا بھی لگایا اور دعا کی۔ اس موقع پر نگران وزیر داخلہ میر زبیر خان جمالی ، کمشنر مکران ڈویژن سعید احمد عمرانی ، ڈی آئی جی مسرور عالم ، ڈپٹی کمشنر کیچ محمد حسین بلوچ ، لا کالج کے پرنسپل ڈاکٹر گل حسن اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔