میرپور میں یوم استحصال کے حوالےسے بھارت کے خلاف احتجاجی ریلیاں

51

میرپور ( آزاد کشمیر ) 05 اگست (اے پی پی):میرپور سمیت آزاد جموں کشمیر بھر میں یوم استحصال کے حوالےسے بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی ،ریلی کے آغاز سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ضلع کچہری سے احتجاجی ریلی میاں محمد روڈ سے نکالی گئی جس میں سیاسی،سماجی،کاروباری تنظیموں،وکلاء،صحافیوں سمیت زندگی کے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ،ریلی میاں محمد روڈ سے ہوتی ہوئی جب چوک شہیداں پہنچی تو جلسے کی شکل اختیار کرگئی۔شرکاء ریلی نے بھارتی حکومت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگا ئے ،انہوں نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35A کے خاتمہ سے ریاست جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا گیا ہے جسے کشمیری کسی صورت قبول نہیں کرتے انھوں نے کہاکہ 05اگست 2019ریاست جموں وکشمیر کی تاریخ میں سیاہ ترین دن ہے اس دن بھارت کی انتہا پسند حکومت نے اپنے آئین کے آرٹیکل 370 اور 35A کا خاتمہ کرکے مقبوضہ ریاست جموں و کشمیرکی خصوصی حیثیت کو ختم کردیااس سے ہندوستان کی طرف سے اقوام متحدہ کے ساتھ کیے گے وعدوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بھی خلاف ورزی کی گئی ہے جس کی ہم بھرپور الفاظ مین مذمت کرتے ہیں۔انھوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کی اصل خصوصی حیثیت بحال کرنے کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالیں، بھارت کے اس اقدام کا مقصد مقبوضہ ریاست کی مسلم اکثریت کی آبادی کے تناسب کوتبدیل کرکے ہندووں کو آباد کرنا ہے اور اسوقت تک 42 لاکھ غیر ریاستی افراد کو ڈومیسائل جاری کر چکا ہے۔

انھوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کشمیریوں کو ان کامسلمہ حق خودارادیت دلوانے کے لیے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائیں،حریت قائدین کی نظربندیوں ،گرفتاریوں اور سزائوں کا فوری خاتمہ کیا جائے،شرکائے ریلی اس بات کا اعادہ کیا کہ جب تک مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر بھارت کے چنگل سے آزاد نہیں ہو جاتی اس وقت تک کشمیری اور پاکستانی ان کی سیاسی،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔تقریب کے آخر میں شہدائے کشمیر،شہدائے پاکستان، شہدائے پاک افواج اور غازیوں کی جرات مندی اور ان قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

اس موقع پر بلوچستان میں پاک آرمی کے کور کمانڈر لفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والوں کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔دریں اثناء تحصیل ہیڈ کوارٹر ڈڈیال میں بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی ،شرکاء ریلی بھارت کے خلاف زبردست نعرہ بازی کر رہے تھے اور ریاست جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرنے کے حوالے سے اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی قوتوں سے مطالبہ کر رہے تھے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ڈسٹرکٹ بار اور مختلف سیاسی و سماجی جماعتوں نے بھی یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ریلیاں نکالی ور بھارت کے خلاف بھرپور نفرت کاا ظہار کیا۔