میزان بینک نے پاک سوزوکی موٹر کمپنی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردئیے

173
جاز کیش اور میزان بینک کے درمیان ملک بھرمیں ترسیلات زر کی وصولی کوآسان بنانے کیلئے شراکت داری معاہد طے پا گیا

کراچی۔28دسمبر (اے پی پی):میزان بینک نے پاک سوزوکی موٹر کمپنی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردئیے۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس معاہدے کے تحت پاک سوزوکی ون ونڈو سلوشن کے ذریعے متوسط آمدنی والے طبقے اور نوجوان صارفین کو کار اجارہ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے آسان فنانسنگ کی سہولت فراہم کرے گی۔

میزان بینک کے گروپ ہیڈ کنزیومر فنانس ارشد مجید اور پاک سوزوکی کے ایگزیکٹو آفیسرمارکیٹنگ اینڈسیلز عامر شفیع نے معاہدے پر دستخط کئے۔ شریعہ کے مطابق کار فنانسنگ سلوشنز تک رسائی آسان بنانے کی میزان بینک کی کوششوں کے تحت میزان بینک اپنے صارفین کو ریزیڈیول ویلیو(RV) کی خصوصیات کے ساتھ سہولت فراہم کرے گا جس میں باقاعدہ ماہانہ قسطوں کے مقابلے میں سستا ماہانہ کرایہ شامل ہے۔

اس اسکیم کے تحت صارفین ہر 3سال بعد نئی گاڑی کے آپشن کا انتخاب کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ صارفین سوزوکی کی گاڑیوں سوزوکی آلٹو (VX & VXR)، سوزوکی ویگن آر(VXR, VXL AGS) کی مفت رجسٹریشن(علاوہ ٹیکس)اور تین سال تک بائی بیک گارنٹی اور ترجیحی ڈیلوری کے ساتھ ساتھ بعد از فروخت خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر میزان بینک کے گروپ ہیڈ کنزیومر فنانس ارشد مجید نے کہاکہ میزان بینک نے ہمیشہ اپنے صارفین کوآسان اور شریعت کے مطابق قابلِ رسائی کار فنانسنگ سلوشنز پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔

ریزیڈیول ویلیو ماڈیول (RVM)کے ذریعے ہم افراد اور فیملیز کیلئے کارکی خریداری کے عمل کو بہت آسان بنارہے ہیں خاص طورپر جب موجودہ منظر نامے میں گاڑیوں کی قیمتوں اور شرح سود کا بڑھتا ہوارجحان ہے۔ ہمیں پاک سوزوکی موٹر کمپنی کے ساتھ ترجیحی بنیادوں پر گاڑیوں کی ڈیلوری کی پیش کش کرنے پر خوشی ہے جو ہمارے صارفین کے گاڑی خریدنے کے تجربے کو فروغ دے گی۔

پا ک سوزوکی کے عامر شفیع نے کہاکہ ریزیڈیول ویلیو ماڈیول(RVM) نوجوان نسل کو راغب اورصارفین میں آر وی فنانسنگ کے ذریعے ہر 2ـ3سال بعد کار تبدیل کرنے کا رجحان پیدا کرے گاجس میں صارف فنانسنگ کی مدّت کے اختتام پر گاڑی کی ویلیو قیمت کا 50فیصد تک موخریا ملتوی کر کے کم کرائے کا فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ یہ اسکیم ہمارے برانڈ امیج کو بہتر بنائے گی اور پاک سوزوکی ڈیلرشپ پر فنانسنگ صارفین کو کار کی کنڈیشن کے مطابق 3سال تک کی بائی بیک گارنٹی کے ساتھ درست مارکیٹ ویلیو فراہم کرکے انہیں زندگی بھر فنانسنگ فراہم کرے گی۔