اسلام آباد ۔ 26 ستمبر (اے پی پی) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر محسن رانجھا نے کہا ہے کہ میڈیا ہاﺅسز اور صحافیوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے حکومت پر عزم ہے اور اس امر کے لئے اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔میڈیا ہاﺅسز اور صحافیوں کے تحفظ کی عمل درآمد کمیٹی کا چئیرمین منتخب ہونے پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ ہم آزادی صحافت پر یقین رکھتے ہیں اس لئے صحافیوں اور صحافتی تنظیموں کے تحفظ کے لئے بنائی گئی عملدرآمدی کمیٹی اپنی ذمہ داریاں پوری توجہ سے نبھائے گی۔ بیرسٹر محسن رانجھا نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ آزادی صحافت کے بغیر جمہوریت مکمل نہیں اور نامکمل جمہوریت میں کوئی معاشرہ پھل پھول نہیں سکتا۔ ہم آزادی صحافت کے لئے ایک بیج بو رہے ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط جمہوری درخت کے طور پر ابھرے گا۔ پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ صحافیوں کے حقوق اور تحفظ کے لئے حکومت متعدد اقدامات کر رہی ہے جو کہ قابل ستائش ہیں۔ ماضی کے ادوارمیں ان کی کوئی مثال نہیں ملتی۔