میکسیکوسٹی ۔27مئی (اے پی پی):میکسیکونے ترسیلات زر پر امریکی ٹیکسوں کی مذمت کی ہے ۔ شنہوا کے مطابق میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے کہا کہ وہ امریکی قانون سازوں کو میکسیکو بھیجی جانے والی ترسیلات پر ٹیکس کی منظوری سے روکنے کے لیے سخت کوششیں کر رہی ہیں۔
انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکا میں میکسیکو کے تارکین وطن، اپنی امیگریشن کی حیثیت سے قطع نظر، ٹیکس ادا کرکے امریکا کی معیشت کو چلاتے رہے ہیں اور وہ جو کماتے ہیں اس کا صرف 20 فیصد ترسیلات زر کی طرف جاتا ہے۔انہوں نے دوہرے ٹیکس سے بچنے کے 1992 کے معاہدے کے بارے میں کہا کہ امریکا اور میکسیکو کے درمیان 1992 میں ایک معاہدہ ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ کوئی دوہرا ٹیکس نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ میکسیکو کے قانون ساز اور غیر سرکاری تنظیمیں مجوزہ ٹیکس کی خامیوں اور امریکی معیشت پر اس کے ممکنہ منفی اثرات کو بے نقاب کرنے کے لیے انتھک مہم چلا رہی ہیں۔