فیصل آباد ۔ 04 اکتوبر (اے پی پی):کمشنر فیصل آبادسلوت سعیدنے کہا ہے کہ شہر میں میگا ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی تکمیل سے شہریوں کو نہ صرف صحت، مواصلات اور تفریح کے ساتھ دیگر شعبوں میں جدید اور معیاری سہولیات میسرآئیں گی بلکہ فیصل آباد کی ترقی میں نئے باب کا اضافہ ہوگا لہذا متعلقہ تمام محکمے ترقیاتی منصوبوں پر فی الفور عملدرآمد شروع کریں اور انہیں مقررہ مدت میں مکمل کرانے کیلئے کمربستہ ہوجائیں۔انہوں نے یہ بات میگا ڈویلپمنٹ منصوبوں پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔
کمشنر نے الائیڈ ہسپتال کی سرجیکل ایمرجنسی کی اپ گریڈیشن ونیو بلاک کی تعمیر کے منصوبہ پر عملدرآمد بارے بریفنگ لی اور کہا کہ دونوں سکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے عبداللہ پور فلائی اوور سے جھمرہ روڈ کی جانب فلائی اوور کی تعمیر، گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد اور نصرت فتح علی خاں ہسپتال حسیب شہید کالونی کے ترقیاتی منصوبہ کے باقی ماندہ کاموں میں تیزی لانے کا حکم دیا۔
انہوں نے سمن آباد ہسپتال میں واش رومزکی حالت بہتر بنانے اوردیگر سہولت کی بہتر انداز میں عوام کو دستیابی کی بھی ہدایت کی۔کمشنر نے پرانی سبزی منڈی نزد بابر سینما کی اراضی پر جدید تفریحی سہولیات سے آراستہ پارک کے قیام کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال سے متعلق آگاہی لی جبکہ نشاط آباد اوورہیڈ برج سے گٹ والا تک سڑک کی کشادگی کے میگا پراجیکٹ کو بھی ٹائم فریم میں مکمل کرنے کی تاکید کی۔
انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے میگا پراجیکٹس نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی ترجیحات میں سرفہرست ہیں اور وہ جلد فیصل آباد کا دورہ کرکے میگا پراجیکٹس کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ دریں اثناء کمشنر سلوت سعیداوپن ڈورپالیسی پر مستقل بنیادوں پر عمل پیرا ہیں۔انہوں نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن میں آئے سائلین کے مسائل سنے اور درخواست گزاروں کے موقف سن کر متعلقہ محکموں سے میرٹ پر داد رسی کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل ایجنڈے میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژنل وضلعی محکمے درخواست گزاروں کے مسائل کے حل میں دلچسپی لیں اوراپنے دفاتر تک سائلین کی رسائی یقینی بنائیں۔کمشنر نے مسائل حل کرکے تعمیلی رپورٹس سے آگاہ کرنے کابھی حکم دیا۔