ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے اپنے ادوار میں صرف کرپشن ہی کی،ملک کیلئے کچھ نہیں کیا،وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور

64

اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی حکومتوں نے اپنے ادوار میں صرف کرپشن کی ہے، عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا، وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا اعلان کر کے وہاں کے لوگوں کی تمنا پوری کر دی ہے اور اسے باضابطہ طور پر عبوری صوبے کی حیثیت دینے کیلئے آئینی طریقہ استعمال کیا جائے گا۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں مدینہ کی ریاست کا تصور دیا، اس مقصد کے حصول کیلئے ہر ایک کو تعمیری کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، ملک کو سودی نظام سے نکالنے کیلئے تجاویز دیں۔ علی محمد خان نے کہا کہ چین نے اپنے ملک کو معاشی طور پر اوپر اٹھایا ہے اور آج سپر پاور ہے، وزیراعظم عمران خان نے اس کی ترقی کے تناظر میں بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے بلوچستان اور گلگت بلتستان کے لوگوں کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا، ن لیگ بلوچستان کا راگ الاپ رہی ہے، ن لیگ بتائے کہ تین مرتبہ اقتدار میں آنے کے باوجود وہاں کے لوگوں کو کیا حق دیا، موجودہ حکومت گلگت بلتستان اور بلوچستان کی محرومیاں ختم کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ بڑے دکھ کی بات ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے کوئٹہ جلسے کے دوران آزاد بلوچستان کی بات کی گئی اور اپوزیشن جماعتوں کے کسی رہنما نے اس کی مذمت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ ایاز صادق سے ایسے بیان کی توقع نہیں تھی، انہوں نے اپنی جماعت کا موقف دیا ہے اور دشمن ملک میں خوشی کے شادیانے بجائے جا رہے ہیں۔ علی محمد خان نے کہا کہ نواز شریف قومی اداروں میں دراڑ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ان کے بیانات سے ن لیگ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہے، عبدالقادر بلوچ سمیت دیگر لیگی رہنما نواز شریف کے قومی اداروں کے مخالف بیانیے کی وجہ سے کنارہ کشی اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کو کمزور کرنے سے ملک کو نقصان ہو گا، اپوزیشن جماعتیں حکومت پر ضرور تنقید کریں تاہم قومی اداروں کے خلاف غیرضروری بیانات دینا بند کر دیں۔