ن لیگ والوں سے ہمدردی ہے، باپ وزیراعظم اور بیٹا وزیراعلیٰ بننے کا خواب دیکھ رہا ہے، ان لوگوں میں کوئی شرم نہیں، آج آزاد، خودمختار پاکستان اور محکوم پاکستان کے درمیان ووٹنگ ہے، چوہدری فواد حسین کی میڈیا سے گفتگو

58

اسلام آباد۔3اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قانون چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ آج آزاد، خودمختار پاکستان اور ایک محکوم پاکستان کے درمیان ووٹنگ ہے، ن لیگ والوں سے ہمدردی ہے، باپ (شہباز شریف) ملک کا وزیراعظم اور بیٹا (حمزہ شہباز) وزیراعلیٰ بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں، ان لوگوں میں کوئی شرم نہیں، یہ اپنے آپ کو مغلیہ فیملی سمجھتے ہیں۔

اتوار کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ان لوگوں سے نفرت کرتے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کئی لوگوں نے شیروانیاں سلوائی ہیں لیکن انہیں پاجامے نہیں مل رہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ چوہدری سرور اچھے آدمی ہیں، ہم ان کا احترام کرتے ہیں، چوہدری سرور کی پرویز الٰہی کے ساتھ بن نہیں رہی تھی، اس لئے ہٹا دیا۔

انہوں نے کہا کہ عمر سرفراز چیمہ کو نیا گورنر پنجاب بنایا گیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج آزاد، خودمختار پاکستان اور ایک محکوم پاکستان کے درمیان ووٹنگ ہے، ایک طرف کہا جاتا ہے کہ پاکستان اور پاکستان کی قوم کو عزت دو جبکہ دوسری طرف کہا جاتا ہے کہ ہم بھکاری ہیں اور ڈرپوں پر لگے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ہمیں جس طرح آزادی دلائی تھی آج اسی طرح کی آزادی کا یہ موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم خودمختار اور غیرت مند قوم ہے، وہ ان لوگوں کے ساتھ کبھی بھی نہیں جائے گی جو اپنے آپ کو بھکاری کہتے ہیں۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ فلور کراسنگ میں ملوث ارکان نے اپنی عزت پہلے ہی کھو دی ہے، اب انشاء اللہ تاحیات پابندی ہوگی تو ان کی سیاست بھی ختم ہو جائے گی۔