ن لیگی قائد ین اداروں پر پتھراﺅ کرتے ہیں، نیب نے حکومتی ارکان کو بھی گرفتار کیا تھا لیکن کوئی توڑ پھوڑ نہیں کی گئی،وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

60

اسلام آباد ۔ 12 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی نے کہا کہ ن لیگ کی قومی اداروں پر حملوں کی بدترین تاریخ رہی ہے، لیگی قائدین سے بدعنوانی سے متعلق سوالات پوچھیں تو یہ جواب دینے کی بجائے اداروں پر پتھراﺅ کرتے ہیں، نیب نے حکومتی ارکان کو بھی گرفتار کیا تھا لیکن کوئی توڑ پھوڑ نہیں کی گئی، قانون سب کیلئے برابر ہے اور ہر ایک کو اس کا احترام کرنا چاہیے، نواز شریف کے پلیٹ لیٹس اب ٹھیک ہو گئے ہیں، انہیں چاہیے کہ واپس آ کر عدالتوں میں اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کریں، حکومت فرسودہ نظام کو ٹھیک کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب آزاد اور خود مختار ادارہ ہے، موجودہ حکومت نیب سمیت کسی بھی قومی ادارے کے کاموں میں مداخلت نہیں کرتی، حکومت کی مداخلت ہوتی تو حکومتی ارکان کے خلاف تحقیقات نہ ہوتیں، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومتوں کے دوران ایک دوسرے کے خلاف کیسز بنائے جن کی نیب تحقیقات کر رہا ہے، نیب گزشتہ کئی سالوں سے لیگی قائدین سے بدعنوانی سے متعلق سوالات پوچھ رہا ہے، انہیں چاہیے کہ اداروں پر پتھراﺅ کرنے کی بجائے جوابات دیں۔ وفاقی وزیر بحری امور نے کہا کہ ن لیگ ماضی میں سپریم کورٹ اور وزیراعظم ہاﺅس پر حملوں کی تاریخ رکھتی ہے، قوم ماڈل ٹاﺅن واقعہ کو ابھی نہیں بھولی جہاں پولیس نے گلوبٹ کے ساتھ مل کر نہتے بچوں اور خواتین کو گولیاں مار کر شہید کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو نیب پیشی پر گلوبٹ کو ساتھ لانے کی کیا ضرورت تھی، ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ ن لیگی کارکنان گاڑیوں میں اپنے ساتھ پتھر لیکر آئے اور یہ سارا ڈراما رچایا گیا، میرا عدالتوں سے مطالبہ ہے کہ اس ڈرامے کے بعد وہ فوری طور پر مریم نواز کی ضمانت منسوخ کر کے انہیں دوبارہ جیل میں ڈالنے کا حکم جاری کریں۔ علی حیدر زیدی نے کہا کہ حیرانگی کی بات ہے کہ لیگی قائدین پر بدعنوانی کے سنگین مقدمات ہیں اور یہ گاڑیوں میں بیٹھ کر وکٹری کا نشان بناتے ہیں، انہیں عوام کے سامنے جاتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قوم جان گئی ہے کہ ن لیگ میں دھڑے بندیاں ہیں اور جماعت کی قیادت سنبھالنے کیلئے کئی امیدوار میدان میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی، اب ان کے پلیٹ لیٹس ٹھیک ہو گئے ہیں، انہیں چاہیے کہ واپس آ کر عدالتوں میں اپنے مقدمات کا سامنا کریں۔ وفاقی وزیر بحری امور نے کہا کہ کتنی بدقسمتی کی بات ہے کہ نواز شریف تین مرتبہ وزارت عظمیٰ پر فائز رہنے کے باوجود ملک میں ایک بھی معیاری ہسپتال تعمیر نہیں کر سکے جہاں پر وہ اپنا علاج کرا سکتے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے چینی بحران میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا اب چینی کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں سے آئینی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔