نئی نسل کو گل بانی کی اہمیت سے آگاہی دینا ہوگی ، فلورل ڈیزائنر کے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جاسکے ،خاتون اول ثمینہ علوی

74
،بیگم ثمینہ علوی

لاہور۔27فروری (اے پی پی):خاتون اول ثمینہ علوی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ملک کو گرین اینڈ کلین بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں‘ اللہ تعالی نے ہمارے ملک کو قدرتی حسن سے مالا مال کیا ہے‘ ثقافتی ورثہ کی حفاظت ہم سب کی ضرورت ہے پھول انڈسٹری کو فروغ دے کر ملکی معیشت کو بہتر کیا جاسکتا ہے‘ نئی نسل کو گل بانی کی اہمیت سے آگاہی دینا ہوگی تاکہ فلورل ڈیزائنر کے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے اتوار کے روزمقامی ہوٹل میں فلورل آرٹ سوسائٹی آف پاکستان روز چیپٹرلاہور کے زیر اہتمام نیشنل فلورل آرٹ شو 2022کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

خاتون اول نے کہاکہ شجر کاری آلودگی کے مضر اثرات کو کم کرنے میں سب سے نمایاں کردار ادا کرتی ہے‘ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ملک کو گرین اینڈ کلین بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیںپاکستان کو اللہ تعالی نے قدرتی حسن سے مالامال کیا ہے لیکن بدقسمتی سے ہمیں اس کی قدر نہیں ہے ہمیں اس کی قدر کرنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان ہماری منزل ہے وزیر اعظم عمران خان بذات خود ماحولیاتی آلودگی سے درپیش خطرات سے نمٹنے کے لئے خود متحرک ہیں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کے لئے درختوں کا اہم کردار ہے لوگوں میں اس کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہوگی ہمیں پھولوں اور باغات کو نہ صرف پروموٹ کرنا ہوگا بلکہ ان کی حفاظت بھی کرنی ہے نیچر سے محبت انسان سے محبت کرنا سکھاتی ہے پھولوں سے محبت انسان کی شخصیت پر اثر انداز ہوتی ہے یہ نہ صرف انسان کو تازہ دم کرتی ہے بلکہ ڈپریشن کو بھی کم کرتی ہے۔

ثمینہ علوی نے کہا کہ کلچرل ہیرٹیج کی حفاظت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے فلورل ڈیزانر انڈسٹری کو فروغ دے کر روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کو بھی بہتر کیا جا سکتا ہے اس کے لیے ہمیں گراس روٹ لیول پر کام کرنے کی ضرورت ہے ہمیں اپنے بچوں کو گل بانی کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہوگا جس کے لیے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کو ساتھ لے کر چلنا پڑے گا فلورل آرٹ کے شعبہ میں ہمیں ملکی سطح پر تیار اشیا کو بھی فروغ اور اپنے چیزوں کو سراہاجانا چاہیے تاکہ قیمتی زرمبادلہ بچایا جا سکے۔

خاتون اول نے کہاکہ میں خود بھی فلورل آرٹ سوسائٹی کی ممبر ہوںمیں کراچی میں رہتی ہوںمیں وہاں بھی اپنے ساتھیوں کو بھی شہر بھر کی صفائی کے لئے ترغیب دیتی ہوں واہ گارڈن جو کہ شالیمار باغ لاہور کی مانند کبھی خوبصورت تھا اس کی اصل شکل میں بحالی کے لیے ہم کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں آج اس تقریب میں جہاں پھولوں سے محبت کرنے والے لوگ جمع ہیں میں موجود ہوںفلورل آرٹ سوسائی کی جانب سے اس طرح کے شو منعقد کروانے سے لوگوں میں آگاہی پیدا ہو رہی ہے ، فلورل آرٹ سوسائٹی کی صدرشائستہ خاور اور ان کے ایگزیکٹو کمیٹی کے تمام ممبران کو مبارکباد پیش کرتی ہوں جنہوں نے اس خوبصورت نیشنل فلورل آرٹ شو کا اہتمام کیا۔

بعد ازں خاتون اول ثمینہ علوی نے شو میں فلورل ڈیزائنر کی جانب سے بنائے گئے پھولوں کے گلدستوں کے مختلف نمونے دیکھے اور اورفلورل ڈیزائنر کے فن کو سراہا۔

قبل ازیں تقریب میں دس پھولوں کے گلدستے نمائش کے طور پر پیش کئے گئے اور وہاب نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مختلف موسیقی کے گانوں پر صوفی رقص بھی پیش کیا۔ پروگرام کے آخر میں خاتون اول نے فلورل آرٹ سوسائٹی کی چیئرپرسن نوین سید و ثمینہ احمد و الحبیب بینک کے نمائندے اور ملت ٹریکٹر کے نمائندوں کو ٹرافیاں بھی دیں۔