فیصل آباد ۔ 30 دسمبر (اے پی پی):سردی کی شدت میں اضافہ، برفانی ہوائیں چلنے اور دھند کی وجہ سے شدید کہر کے باعث نئے چھوٹے باغات اور نرسریوں خصوصاً آم کے پودوں کے جھلسنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے لہٰذاباغبانوں و کاشتکاروں کوپودوں کو فوری طور پر ڈھانپنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا کہ زیادہ سردی اور کورے کے باعث پودوں کے تنوں، شاخوں اور پتوں کے خلیوں میں پانی جم کر برف بن جاتا ہے جس سے پودوں کی بڑھوتری بری طرح متاثر ہوتی ہے اور شدید سردی کی وجہ سے پودے مر بھی جاتے ہیں اسلئے پودوں کو زیادہ سردی اور کورے سے بچانے کیلئے کاشتکار محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ نئے چھوٹے باغات اور نرسریوں خصوصاً آم کے پودوں کوکہر سے بچانے کیلئے ٹہنیوں اور سرکنڈے سے بھی پودوں کو جزوی طور پر ڈھانپا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشاہدہ میں آیا ہے کہ بعض اوقات کاشتکار کھاد والی پلاسٹک کی بوریوں سے پودوں کو ڈھانپ دیتے ہیں لہٰذاایسی صورت میں بوریوں کا منہ نیچے سے کھلا رکھیں اور دن کے وقت پودوں سے بوریاں اتار دیں جبکہ رات کو پودوں کو دوبارہ ڈھانپ دیں۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکار فصلات، باغات اور سبزیوں کی ہلکی آبپاشی کریں اور باغات میں پودوں کے تنوں کو بورڈ و پیسٹ لگائیں اسی طرح چھوٹی نرسریوں اور سبزیوں کو پلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ دیں اور فصل کے شمال کی طرف سرکنڈہ لگا دیں تاکہ فصل شمال کی طرف سے آنے والی ٹھنڈی ہوا سے محفوظ رہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=540788