نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ”کثیر الجہتی عمل: اصلاحات اور عالمی گورننس میں بہتری” کے موضوع پر اجلاس میں شرکت کریں گے

165
Deputy Prime Minister
Deputy Prime Minister

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی)کے ”کثیر الجہتی عمل: اصلاحات اور عالمی گورننس میں بہتری” کے موضوع پر 18 فروری 2025 کو ہونے والے اعلی سطحی اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک جائیں گے۔ دفتر خارجہ کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق یہ اجلاس چین کی جانب سے فروری 2025 کے مہینے کے لیے سلامتی کونسل کی صدارت میں طلب کیا گیا ہے۔

اجلاس کی صدارت چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کریں گے۔ پاکستان چین کے اس بروقت اقدام کا خیرمقدم کرتا ہے جو آج کے پیچیدہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے میں کثیرالجہتی عمل کی کلیدی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کثیرالجہتی کے اصولوں ، بین الاقوامی امن، سلامتی اور پائیدار ترقی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کے لئے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کریں گے۔

وہ2025-2026 کی مدت کے لئے سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے پاکستان کی ترجیحات کو بھی اجاگر کریں گے اور بات چیت، تعاون اور جامع عالمی گورننس کی اہمیت پر زور دیں گے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کے موقع پر اسحاق ڈار کی اپنے ہم منصبوں کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ پاکستان کثیرالجہتی کا پرعزم حامی ہے اور عالمی امن، سلامتی اور ترقی کے لئے اجتماعی کوششوں میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔