اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ابوظہبی میں پاکستان-یو اے ای کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے 12 ویں اجلاس سے قبل پاکستانی وفد کی تیاری کے اجلاس کی صدارت کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ایم طارق باجوہ، سپیشل سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن، یو اے ای میں پاکستان کے سفیر، سیکرٹری تجارت، داخلہ، سمندر پار پاکستانی، آئی ٹی اور ایس آئی ایف سی اور وزارت فوڈ سکیورٹی اور وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹریز نے شرکت کی۔
اجلاس میں جے ایم سی کے تفصیلی ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا، مختلف دو طرفہ مصروفیات پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ٹیلی کمیونیکیشن اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کارکنوں کے لیے روزگار کے مواقع سمیت ترجیحی شعبوں پر بات چیت ہوئی۔
نائب وزیراعظم نے شرکت کرنے والی وزارتوں اور محکموں کی فعال شمولیت پر ان کی کوششوں کو سراہا اور بات چیت کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ 12 ویں جے ایم سی پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دو طرفہ تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کا باعث بنے گی۔