نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان سے گفتگو، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

127
Deputy Prime Minister
Deputy Prime Minister

اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان سے بات چیت کی۔ منگل کو دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے حالیہ علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیراعظم نے انہیں بھارت کے بے بنیاد الزامات، اشتعال انگیز بیان بازی اور یکطرفہ اقدامات کے جواب میں پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔

شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے، بات چیت کو فروغ دینے، تحمل سے کام لینے اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔ بیان کے مطابق پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کی روشنی میں قریبی رابطوں اور مشاورت کو برقرار رکھنے کا عزم کیا۔ دونوں اطراف نے دوطرفہ تعاون کو بڑھانے اور امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔