نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف کیسکوکی کارروائیاں تمام آپریشن سرکلز میں جاری ہیں،ترجمان

39

کوئٹہ۔ 16 فروری (اے پی پی):وفاقی وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی خصوصی ہدایات پر کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کی ٹیمیں نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف صوبہ بھرمیں بلاتفریق کارروائیاں جاری ہیں۔ترجمان کیسکو بلوچستان کے مطابق ا س سلسلے میں کیسکوکے زیر انتظام صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت پشین، لورالائی،سبی،خضداراور مکران آپریشن سرکلز میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کیسکوٹیموں کی جانب سے کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔صوبہ کے تمام علاقوں میں کیسکو ٹیموں کی جانب سے بجلی چوروں کیخلاف1763تحریری درخواستیں مختلف پولیس سٹیشنزکو قانونی کارروائی کیلئے ارسال کر دی گئیں ہیں

جبکہ بجلی چوروں کے خلاف اب تک صوبہ کے مختلف پولیس تھانوں میں 581ایف آئی آرز درج کئے جا چکے ہیں۔اس کے علاوہ کیسکوکی خصوصی مہم کے دوران اب تک بجلی چوروں کو97لاکھ22ہزاربجلی یونٹ ڈیٹیکشن جرمانہ کی مد میں چارج کیے گئے ہیں جبکہ ڈیٹیکشن کی مد میں چارج شدہ بجلی یونٹس کی قیمت تقریباً49کروڑ70 لاکھ42ہزارروپے بنتی ہے۔کیسکوٹیموں کی جانب سے بجلی چوروں سے 45 کروڑ46 لاکھ 57ہزارروپے ڈٹیکیشن وجرمانے کی مدمیں وصول بھی کیے جاچکے ہیں۔علاوہ ازیں روزانہ کی بنیاد پرنادہندگان سے بھی بقایاجات کی وصولی کاعمل جاری ہے

اس سلسلے میں ماہ ستمبر سے اب تک کیسکوٹیموں نے کوئٹہ سمیت پشین، لورلائی،سبی،خضداراور مکران آپریشن سرکلز میں مجموعی طورپر ایک لاکھ 78ہزار نادہندہ صارفین سے بجلی بلوں کے بقایاجات کی مدمیں تقریباً2 ارب89 کروڑ25 لاکھ روپے بھی وصول کرلئے ہیں۔ کیسکو اپنے تمام صارفین سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اپنے غیر قانونی کنکشنز فوری طورپر ہٹادیں بصورت دیگر اُن کی بجلی منقطع کرنے کے ساتھ ساتھ بجلی چوری کے جرم میں اُنھیں جرمانے بھی عائد کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ تمام نادہندہ صارفین کسی بھی ممکنہ زحمت اورپریشانی سے بچنے کیلئے اپنے بجلی بلوں کے بقایاجات بروقت جمع کروائیں۔