لاہور۔5ستمبر (اے پی پی):معروف اداکار و ہدایت کار عابد علی کی پانچویں برسی5 ستمبر بروز جمعرات کو منائی گئی ،انہیں اپنے مداحوں سے بچھڑے5 برس بیت گئے۔ اداکارعابد علی 1952میں کوئٹہ میں پیدا ہوئے۔انہوں نے ریڈیو پاکستان سے اپنے فنی کیریئر کا باقاعدہ آغاز کیا اور 1973 میں پاکستان ٹیلی ویژن سے منسلک ہو گئے تھے، انہوں نے80 ء اور90 ء کی دہائی میں کئی مقبول ڈراموں میں کام کیا، ٹی وی کے ساتھ ساتھ عابد علی نے بے شمار فلموں میں بھی یادگار کردار کئے۔
اداکارعابد علی کو امجد اسلام امجد کالکھا ہوا ڈرامہ” وارث” سے شہرت حاصل ہوئی جبکہ ان کے مقبول ڈراموں میں خواہش، دشت، دوسرا آسمان، وارث، مہندی ،پیاس، دوریاں، دیار دل و دیگر شامل ہیں،انہوں نے سینکڑوں ٹیلی ویژن ڈراموں اور درجنوں فلموں میں کام کیا، لیجنڈ اداکار اور ہدایت کار عابد علی آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ 1985 میں عابد علی کو پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا۔ اداکارعابد علی5ستمبر2019 کو67 برس کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=500538