نامور سماجی کارکن عبد الستار ایدھی کی برسی منائی گئی

356

اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):نامور سماجی کارکن عبد الستار ایدھی کی برسی پیر کو منائی گئی۔ عبدالستار ایدھی 28 فروری 1928ء میں بھارت کی ریاست گجرات کے شہر بانٹوا میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 11 برس کی عمر میں اپنی ماں کی دیکھ بھال کا کام سنبھالا جو ذیابیطس میں مبتلا تھیں، چھوٹی عمر میں ہی انہوں نے اپنے سے پہلے دوسروں کی مدد کرنا سیکھ لیا تھا جو ان کے لئے کامیابی کی کنجی ثابت ہوئی۔1947ء میں قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان بھارت سے ہجرت کر کے پاکستان منتقل ہوا اور کراچی میں آباد ہو گیا۔

عبدالستار ایدھی نے سماجی خدمت کے لئے ایدھی فائونڈیشن کی بنیاد رکھی اور ایدھی ایمبولینس کو دنیا بھر میں نجی شعبہ کی سب سے بڑی ایمبولینس سروسز کا اعزاز بھی حاصل ہے۔16 اگست 2006ء کو بلقیس ایدھی اور کبریٰ ایدھی کی جانب سے ایدھی انٹرنیشنل ایمبولینس فاؤنڈیشن کے قیام کا اعلان کیا گیا۔ جس کے تحت دنیا کے امیر یا غریب ہو یا دنیا کا کوئی بھی ملک امریکا، برطانیہ، اسرائیل، شام، ایران، بھارت، بنگلہ دیش ہوں میں یہ ایمبولینس بطور عطیہ دی جا رہی ہے۔

انسانیت کی فلاح وبہبود اور مدد کی خدمات کے اعتراف میں عبدالستار ایدھی کو کئی قومی و بین الاقوامی اعزازات سے بھی نوازا گیا جن میں 1988ء میں دیا جانے وال لینن امن انعام شامل ہے،1989 میں ان کو حکومت پاکستان کی جانب سے نشان امتیاز بھی دیا گیا۔8 جولائی 2016ء کو رات 11 بجے گردوں کے کام چھوڑ جانے کے باعث عبدالستار ایدھی 88 سال کی عمر میں انتقال کر گئے، ان کو کراچی میں سپرد خاک کیا گیا۔ ۔ انھوں نے وفات سے قبل یہ وصیت کی تھی کہ ان کے دونوں آنکھیں ضرور مندوں کو عطیہ کر دی جائے۔ان کی برسی کے موقع پر سرکاری، نجی و فلاحی تنظیموں کے زیر انتظام مختلف تقریبات میں عبدالستار ایدھی کی خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔