اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):نجکاری کمیشن بورڈ نے وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی کی صدارت میں جمعرات کو یہاں منعقدہ 236 ویں اجلاس میں زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (زیڈ ٹی بی ایل) کی نجکاری کے لیے مالیاتی مشیر کی تقرری کی منظوری دی ہے۔
مسابقتی اور شفاف انتخاب کے عمل کے بعد بورڈ نے زیڈ ٹی بی ایل ٹرانزیکشن کے لیے نیکسٹ کیپٹل لمیٹڈ کی قیادت میں مالیاتی مشیروں کے کنسورشیم کی تقرری کی منظوری دی۔ کنسورشیم کے دیگر اراکین میں اعجاز احمد اینڈ ایسوسی ایٹس (قانونی)، بیکر ٹلی محمود ادریس قمر (اکائونٹنگ اینڈ ٹیکس)، ایگزیکٹوز نیٹ ورک انٹرنیشنل، برج پبلک ریلیشنز (میڈیا)، سکولز پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ (ری ویلیور) اور پرائما گلوبل کنسلٹنگ پرائیویٹ شامل ہیں۔
وزارت نجکاری، نجکاری کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چھ بولی دہندگان کی مالی درجہ بندی کی گئی جن میں عارف حبیب لمیٹڈ، اے ایف فرگوسن، اے کے ڈی سکیورٹیز لمیٹڈ، برج فیکٹر اور جے ایس بینک کی سربراہی میں معروف کنسورشیم شامل ہیں۔ نجکاری بورڈ نے منتخب کنسورشیم کے ساتھ مالیاتی مشاورتی خدمات کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کی بھی منظوری دی ۔
واضح رہے کہ یہ پیشرفت حکومت کے جاری نجکاری پروگرام میں ایک اہم قدم ہے۔ نجکاری کمیشن کارکردگی کے فروغ، نجی شعبے کی شرکت کو بڑھانے اور مالیاتی شعبے میں وسیع تر اصلاحات کے لیے اہم لین دین کو فعال طور پر آگے بڑھا رہا ہے۔
نجکاری کمیشن نے کہا ہے کہ مالیاتی مشیروں کیلئے اعلیٰ درجے کے کنسورشیم کی تقرری اس عمل کو پیشہ ورانہ، شفاف اور بروقت انجام دینے کے لیے حکومت کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔