نجکاری کمیشن کی روزویلٹ ہوٹل کی فروخت کے لیے 100 ملین امریکی ڈالر کی قیمت مقرر کرنے کی خبروں کی تردید

5

اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):نجکاری کمیشن نے 27 جون 2025 کو میڈیا میں شائع ہونے والی ایک گمراہ کن خبر کی سختی سے تردید کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے روزویلٹ ہوٹل کی فروخت کے لیے 100 ملین ڈالر کی بنیادی قیمت مقرر کی ہے۔ وزارت نجکاری، نجکاری کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ روزویلٹ ہوٹل نیویارک کی نجکاری کے لیے ابھی تک کوئی بنیادی قیمت طے نہیں کی گئی کیونکہ قیمت صرف بولی کے وقت مقرر کی جا سکتی ہے۔

گمراہ کن میڈیا رپورٹ میں وزیر اعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی کا غلط حوالہ دیا گیا ہے جنہوں نے رواں مالی سال کے دوران متوقع معاہدے پر دستخط کرنے پر کامیاب فریق کی جانب سے کی جانے والی تخمینہ کی بنیاد پر ابتدائی جزوی ادائیگی کا حوالہ دیا تھا۔

نجکاری کمیشن نے کہا ہے کہ روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری سے حاصل ہونے والی قیمت کا تعین کل آمدنی کی بنیاد ، لین دین کے ڈھانچے اور حکومت کی طرف سے منظور شدہ معاہدے کی حتمی شرائط پر مبنی ہوگا۔ توقع ہے کہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے آئندہ اجلاس میں لین دین کے ڈھانچے کو حتمی شکل دی جائے گی۔