نجی شعبہ کے تعاون سے کم کارکردگی والے سرکاری سکولوں کا معیار بلند کریں گے، چیئرمین پیف

146
Punjab Education Foundation

راولپنڈی۔ 04 نومبر (اے پی پی):پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ضلع راولپنڈی سمیت سات اضلاع میں نجی شعبے کے ماہرین تعلیم اور تنظمیوں کے سربراہان شریک ہوئے جن کے حوالے کم کارکردگی والے سرکاری سکولوں کئے جائیں گے جو ان سکولوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈل پر چلائیں گے۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ملک شعیب اعوان تھے۔

اس موقع پر نجی شعبہ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کو تعریفی اسناد بھی دی گئیں۔ راولپنڈی کے علاوہ مری، جہلم، چکوال، اٹک، منڈی بہاوالدین اور بھکر کے اضلاع سے شرکاء نے تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، ملک شعیب اعوان نے کہا کہ راولپنڈی ضلع میں 250 سے زائد سرکاری سکول ایسے ہیں جو کم کارکردگی والی کیٹیگری میں شامل ہیں اور ان سکولوں کو نجی شعبہ کے تعاون سے فعال بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے سخت میرٹ پر ایسے افراد اور اداروں کا انتخاب کیا ہے جو ان تعلیمی اداروں کو چلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 2016 میں 4 ہزار سے زائد سکول پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلائے گئے تھے اور اب پانچ ہزار سے زائد سکول پنجاب بھر میں اسی ماڈل پر چلائے جائیں گے۔ملک شعیب اعوان نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق غیر تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سکولوں میں تعلیم حاصل نہ کرنے والے آؤٹ آف سکول بچوں کو ترجیحی طور پر داخلہ دیا جائے گا اور ان پرائیویٹ اداروں کی سخت نگرانی بھی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ غیر تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ والے سرکاری سکولوں میں نجی شعبے کے تعاون سے داخل کئے جانیوالے بچوں کی حکومت کی طرف سے 1200 روپے ماہانہ فیس ادا کی جائے گی اور ایسے بچوں کو بھی تعلیم حاصل کرنے کا موقع مل سکے گا جو نامساعد حالات کی وجہ سے سکول میں داخلہ نہیں لیتے۔