ملتان ۔ 28 اکتوبر(اے پی پی)خاتون اوّل محترمہ ثمینہ عارف علوی نے کہاہے کہ نشترمیڈیکل یونیورسٹی وہسپتال جیسے بڑے ادارے کی موجودگی کے باوجود جنوبی پنجاب میں چھاتی کے سرطان کے مریضوںمیں اضافہ لمحہ فکریہ ہے ۔اس خطے میں چھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی مہم چلانے کی اشد ضرورت ہے اوراس کے لئے آپ سب کو اپناکرداراداکرناہوگا۔وہ سوموارکے روزوہ ملتان کے مقامی ہوٹل میں بریسٹ کینسرآگاہی سیمینار سے خطاب کررہی تھیں۔ یہ آگاہی مہم چھ ماہ جاری رہے گی ۔ محترمہ ثمینہ عارف علوی نے کہاکہ چھاتی کاسرطان ایک خطرناک مرض ہے بدقسمتی سے پاکستان کاشماران ممالک میں ہوتاہے جہاں چھاتی کے سرطان کے مریض زیادہ پائے جاتے ہیں ۔ ہمارے معاشرے میں اس بیماری کانام لینا بھی گناہ سمجھاجاتاہے، عورت مرتوجاتی ہے لیکن وہ شرم کے مارے اس بیماری کے بارے میں بات نہیں کرتی ۔انہوںنے کہاکہ اکتوبر کو ساری دنیا میں چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے مہینے کے طورپرمنایاجاتاہے لیکن اس مرض سے آگاہی کے لئے صرف ایک مہینہ کافی نہیں ہے ۔اس موذی مرض سے چھٹکارے کے لئے ہمیں ساراسال کام کرناہوگا۔محترمہ ثمینہ عارف علوی نے کہاکہ گلابی ربن آگاہی مہم کاحصہ ہے ، ہم گلابی ربن اورگلابی کپڑے اس لئے پہنتے ہیں کہ لوگوں کو چھاتی کے سرطان کے بارے میں شعور دے سکیں ۔انہوںنے خاص طوپرخواتین سے مخاطب ہوکرکہاکہ وہ ہرماہ اپناچیک اپ خودکریںاگرچھاتی میںکوئی گلٹی یادردمحسوس ہوتوفوراََڈاکٹرسے رجوع کریںاس پرشرمائیں نہیں کیونکہ اگرایک خاتون بیمارہوجائے تو پوراگھرانہ ختم ہوجاتاہے ۔اس لئے خوشحال گھرانے کے لئے صحت مند اورپڑھی لکھی خواتین ضروری ہیں ۔انہوںنے کہاکہ بلاشبہ خواتین نے زندگی کے ہرشعبہ میں اپنا لوہامنوایاہے۔لیکن خواتین میںچھاتی کے سرطان کی بڑھتی ہوئی تعداد خطرناک ہے، یہ بہت بڑی بیماری ہے ابتدائی تشخیص، تھوڑی سی احتیاط اورتوجہ سے اس کا سو فیصد علاج ممکن ہے۔خاتون اوّل نے کہاکہ پاکستان میں انڈیاکے مقابلے میں اس مرض سے اموات کی تعداد صرف اس لئے زیادہ ہے کہ ہم مرض کوچھپاتے ہیںاوراس کی دیرسے تشخیص ہوتی ہے۔ہمیں اس مرض پراب کھل کربات کرناہوگی ۔انہوںنے کینسرآگاہی سیمینار منعقدکرانے پرنشتریونیورسٹی ،کینسرسوسائٹی ملتان ،پاکستان بیت المال اورمیڈیسن کمپنی کوخراج تحسین پیش کیا ۔پاکستان بیت المال کے چیئرمین عون عباس بپّی نے سیمینارمیں وزیراعظم پاکستان کاپیغام پڑھ کرسنایاجس میں وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ ”ہماری خواتین کی زندگیوں کو سب سے زیادہ خطرہ چھاتی کے سرطان سے ہے ۔حکومت پاکستان احساس پروگرام کے تحت اس موذی مرض کے علاج کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں ”اب کی بار بیماری ہارے گی مریض نہیں “۔سیمینار کے اختتام پرمہمان خصوصی محترمہ ثمینہ عارف علوی نے چیئرمین بیت المال عون عباس بپی ،وائس چانسلر نشتریونیورسٹی ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا ،پرووائس چانسلر اورمیزبان سیمینار پروفیسرڈاکٹراعجازاحمد مسعود اورشاکرحسین شاکر کو اعزازی شیلڈیں دیں۔