نشے سے پاک پشاور مہم کے دوران تحویل میں لئے گئے نشے کے عادی افراد کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی

65

پشاور۔ 15 نومبر (اے پی پی):نشے سے پاک پشاور مہم کے دوران تحویل میں لئے گئے نشے کے عادی افراد کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیر قیادت کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر نگرانی نشے سے پاک پشاور مہم کے سلسلے میں گزشتہ رات کریک ڈاؤن کے ذریعے مزید 178 افراد کو تحویل میں لیکر بحالی مراکز منتقل کیا گیا ہے۔

اس طرح تحویل میں لئے گئے افراد کی تعداد 1005 ہوگئی ہے۔ کنٹرول روم کو موصول اطلاع پر چھاپہ مار ٹیموں نے چھاپہ مار کر 9 کم عمر نشے کے عادی بچوں کو تحویل میں لیکر بچوں کے خصوصی بحالی مرکز منتقل کر دی۔ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے باقی ماندہ نشے کے عادی افراد کو تحویل میں لینے کےلئے آپریشن ہفتہ اور اتوار کے روز بھی جاری رکھنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔