نشے سے پاک پشاور مہم، تنظیم تحفظ نوجوانان کی اظہار تشکر ریلی

81

پشاور۔ 17 جنوری (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیر قیادت کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر نگرانی نشے سے پاک پشاور مہم کے سلسلے میں تنظیم تحفظ نوجوانان پشاور نے رنگ روڈ کبوتر چوک تا دلہ زاک چوک اظہار تشکر ریلی نکالی اور صوبائی حکومت اور ڈویژنل انتظامیہ کے حق میں نعرے لگائے۔ ریلی کے اختتام پر صدر جانس خان، جنرل سیکرٹری سجاد وحید اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا

کہ نشے سے پاک پشاور مہم کے نتیجے میں پورے ضلع سے نشے کے عادی افراد کا صفایا کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے، نشے کے عادی افراد کی بحالی مراکز منتقلی سے چوری چکاری کے واقعات میں بڑی حد تک کمی آئی ہے جبکہ دوسری جانب معاشرے کے ٹھکرائے ہوئے انسانوں کو صحت مند اور عزت کی زندگی گزارنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے نشے سے پاک پشاور مہم شروع کرنے پر صوبائی حکومت اور کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کو خراج تحسین پیش کیا۔