نظریہ پاکستان عمران نیازی کے ناپاک اور خود غرضی پر مبنی عزائم سے کہیں معتبر اور توانا ہے،شہباز شریف

93

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نظریہ پاکستان عمران نیازی کے ناپاک اور خود غرضی پر مبنی عزائم سے کہیں معتبر اور توانا ہے،انشاء اللہ عمران نیازی کو ضرور ناکامی کا سامنا ہوگا۔

جمعہ کو ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ 9 مئی کے شرمناک، المناک اور افسوسناک واقعات کے بعد سے میں ان کے منفی اثرات و مضمرات کے بارے سوچ رہا ہوں۔ جتنا میں اس سیاہ دن کے بارے سوچتا ہوں اتنا ہی میرے غم و غصے میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے کہ ہم پاکستان کے نظریے کے خود ہی دشمن بن گئے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کو تقسیم کرنے کے بعد عمران نیازی ریاستی اداروں کی تحقیر کی کوشش میں مگن ہوگیا جب اسکی حکومت کے حصول کی تمام تر کوششیں ناکام ہو گئیں تو وہ اپنے نفرت انگیز بیانیئے اور بلوائیوں کے جتھوں سے ریاست پاکستان پر حملہ آور ہو گیا۔

اس کو شاید اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ نظریہ پاکستان اس کے ناپاک اور خود غرضی سے بھرپور عزائم سے کہیں معتبر اور توانا ہے۔ انشاء اللہ عمران نیازی کو ضرور ناکامی کا سامنا ہوگا۔