ننکانہ صاحب ۔ 29 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو ضلع میں جاری پولیو مہم کے دوران فیلڈ میں متحرک ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے پولیو ٹیموں کی حاضری و کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ننکانہ موٹروے انٹرچینج پر قائم ٹرانزٹ پوائنٹ کے داخلی اور خارجی راستوں اور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔انہوں نے دوران وزٹ پولیو ٹیموں کی حاضری ، گھرانہ نمبرز اور بچوں کے ہاتھوں پر لگائے گئے نشانات کو چیک کیا اور شہریوں سے پولیو ٹیموں کے رویے بارے بھی دریافت کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے اے بی پی سے خصوصی طور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ٹیموں کی مانیٹرنگ کا مقصد کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے ، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت دیگر ضلعی افسران بھی پولیو ٹیموں کی مانیٹرنگ کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں۔ضلع میں 02 لاکھ 88 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاوکے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔
سخت گرمی کے موسم میں 1198 پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا قومی فریضہ سرانجام دے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ والدین محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ، محکمہ صحت کی طرف سے انسداد پولیو مہم کیلئے مائیکرو پلان پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر، اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنائیت ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر کامران واجد سمیت دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602664